لاہور (نعیم جاوید) صوبائی دارالحکومت لاہور کے گردونواح میں تیزی سے پھیلتی ہوئی رہائشی کالونیوں، ہاو¿سنگ اسکیموں اور کمرشل تعمیرات نے زرعی زمینوں کا وجود خطرے میں ڈال دیا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران لاہور کے بڑے حصے کی زرخیز زرعی اراضی تعمیراتی منصوبوں کی نذر ہو چکی ہے، جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران اس رجحان میں مزید تیزی آنے سے ہزاروں ایکڑ قابلِ کاشت زمین کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زرعی رقبے میں مسلسل کمی کے باعث نہ صرف لاہور بلکہ پورے پنجاب کے غذائی تحفظ، مقامی خوراک کی فراہمی اور زرعی معیشت کے مستقبل کے حوالے سے بھی تشویش بڑھ رہی ہے پنجاب حکومت کے اربن یونٹ اور محکمہ زراعت سے منسوب سروے رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں میں لاہور کا تقریباً 35 سے 70 فیصد زرعی رقبہ مختلف ہاو¿سنگ سکیموں اور تعمیراتی سرگرمیوں کی نذر ہو چکا ہے۔ تاہم اس حوالے سے مستند اور تازہ سرکاری اعدادوشمار کی تفصیلی تصدیق ضروری ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ریکارڈ کے مطابق صوبے میں سالانہ اوسطاً ایک فیصد زرعی اراضی غیر زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔ لاہور اور اس کے گردونواح، بالخصوص رائے ونڈ روڈ، شیخوپورہ اور قصور سے ملحقہ علاقوں میں زرعی زمینوں پر رہائشی اور تجارتی منصوبوں کی تعمیرات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے زرعی زمینوں میں کمی کا براہ راست اثر گندم، چاول، مکئی، سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار پر پڑ رہا ہے۔ لاہور کے گردونواح میں موجود وہ زرعی علاقے جو کبھی شہر کی سبزیوں اور دیگر غذائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتے تھے، اب تیزی سے رہائشی آبادیوں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ مقامی سطح پر پیداوار کم ہونے سے دیگر اضلاع سے سبزیاں اور پھل منگوانے کی ضرورت بڑھ رہی ہے، جس سے ترسیل کے اخراجات اور قیمتوں میں اضافے کا دباو¿ بھی پیدا ہوتا ہے ماہرین کے مطابق زرعی زمینوں پر کنکریٹ کی تعمیرات کا ایک بڑا نقصان زیر زمین پانی کی سطح اور قدرتی آبی نظام پر پڑتا ہے۔ کھلے زرعی رقبے، درختوں اور قدرتی زمین کی جگہ سڑکیں، پلازے اور رہائشی عمارتیں تعمیر ہونے سے بارش کا پانی زمین میں جذب ہونے کے مواقع محدود ہو جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں زیر زمین پانی کی قدرتی بحالی متاثر ہوتی ہے، جبکہ شہری سیلاب اور پانی کے نکاس کے مسائل بھی بڑھ سکتے ہیںزرعی اراضی کی فروخت کی بڑی وجوہات میں ہاو¿سنگ اسکیموں کی جانب سے زمین کی بھاری قیمتوں کی پیشکش اور کاشتکاری کے بڑھتے ہوئے اخراجات شامل ہیں۔ کھاد، معیاری بیج، ڈیزل، بجلی اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں اضافے نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کیلئے کاشتکاری کو مشکل بنا دیا ہے۔ ایسے حالات میں کسان اپنی وراثتی زمین فروخت کرکے فوری مالی فائدہ حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ زمین خریدنے والے ڈویلپرز اسے رہائشی اور کمرشل منصوبوں میں تبدیل کر دیتے ہیںدوسری جانب ماسٹر پلان اور گرین زونز کے حوالے سے قوانین پر عمل درآمد بھی ایک اہم سوال بن گیا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ مقامی اداروں کی جانب سے زرعی حدود اور تعمیراتی ضوابط کے باوجود غیر منظور شدہ اور مبینہ غیر قانونی ہاو¿سنگ اسکیموں کی سرگرمیوں پر شہری حلقوں اور کسان تنظیموں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مو¿ثر کارروائی کی جائے اور زرعی زمینوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں کی ذمہ داریاں واضح کی جائیںمحکمہ زراعت پنجاب کے حکام کے مطابق زمینوں کے کمرشل استعمال اور ہاو¿سنگ اسکیموں کی منظوری و نگرانی بنیادی طور پر متعلقہ شہری ترقیاتی اداروں اور مقامی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، تاہم محکمہ زراعت کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنے، زرعی پیداوار بڑھانے اور کاشتکاری کو منافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل، لاہور کا ہرا رنگ اوجھل
















