لاہور (خبرنگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں انتظامی غفلت اور کمزور حکمت عملی کے باعث احتساب کا نظام مذاق دکھائی دینا شروع ہو گیا ہے، کمپنی کے قیمتی اثاثوں کی لوٹ مار میں بااثر عناصر کے خلاف کارروائی میں صریح جانبداری اور دوہرے معیار نے ادارے کی انتظامی کارکردگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تاج کمپنی ورکشاپ سے بڑی گاڑیوں کے 150 سے زائد استعمال شدہ ٹائروں کی چوری کی بڑی ”واردات“ڈالی گئی ہے، جن کی مالیت مارکیٹ میں فی ٹائر بیس ہزار روپے کے لگ بھگ بنتی ہے اور اس سنگین واردات میں مبینہ طور پر دس ملازم ملوث پائے گئے لیکن دو روز قبل سامنے آنے والے اس واقعہ میں کارروائی کے نام پر صرف دو کارکنوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا جبکہ باقی 8 ملزمان کو طاقتور حلقوں اور اثرورسوخ کی چھتری تلے مبینہ طور پر کلین چٹ دے دی گئی جبکہ چند روز قبل بھی شاہدرہ سے سکپ کنٹینرز کو کاٹ کر فروخت کئے جانے کا معاملہ بھی سامنے آ چکا ہے۔ اس کیس کی انکوائری رپورٹ میں پانچ افراد کی ملی بھگت سامنے آئی مگر یہاں بھی روایتی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سزا صرف دو کمزور افراد کے حصے میں آئی جبکہ اصل سرپرست قانون کے شکنجے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ ادارے کی اس مصلحت پسندانہ پالیسی اور انصاف کا خون کرنے والے رویے کی وجہ سے کرپشن اور چوری کے یہ سلسلے رکنے کا نام نہیں لے رہے بلکہ روز بروز بڑھ رہے ہیں کیونکہ انتظامیہ کے اندر بیٹھے وہی نامعلوم طاقتور ہاتھ ان مجرموں کی پشت پناہی کر رہے ہیں جن کے سامنے ادارے کے تمام اعلیٰ حکام بے بس دکھائی دیتے ہیں اور اس بات کا جواب دینے سے کتراتے ہیں کہ آخر کس مصلحت کے تحت کرپٹ عناصر کو بچانے کیلئے قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور ادارے کو دیمک کی طرح چاٹنے والوں کو کھلی چھوٹ دی گئی۔
ایل ڈبلیو ایم سی میں انتظامی غفلت، کمزور حکمت عملی، احتسابی نظام مذاق بن کر رہ گیا
















