وراثتی حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا، سپریم کورٹ ، اہم قانونی اصول واضح کر دئیے


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وراثتی حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا، سپریم کورٹ نے اہم قانونی اصول واضح کر دئیے۔

جسٹس شاہد وحید نے تحریری فیصلے میں کہا کسی شخص کے انتقال کےساتھ ہی جائیداد ،مال و دولت میں قانونی ورثا کا حصہ بن جاتا ہے اور صرف وقت گزرنے سے حق ختم نہیں ہوتا،وراثت کی تقسیم میں تاخیر سے بالخصوص بیواوں، بیٹیوں، نابالغ بچوں اور یتیموں کو نقصان پہنچتا ہے، خاندانی تنازعات، دھوکہ دہی ،ورثا کے حقوق غصب کرنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے کہا بعض معاملات میں جائیداد کی منتقلی کےلئے جعلی انگوٹھے لگائے جاتے ، فرضی زبانی ہبہ ظاہر کیا جاتا ہے، حلف ناموں سے بہنوں کے نام حذف کر دئیے جاتے ہیں،آرٹیکل 187 کے تحت صوبے ،ریونیو حکام نادرا کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا تمام قانونی ورثا کی تصدیق کرنے والی کسی مساوی دستاویز کے بغیر وراثتی انتقال نہ کریں، ہر وارث کو اپنے پتے پر تحریری نوٹس بھجوایا جائے، خواتین ورثا بھی شامل ہوں اگر کسی وارث کے حصے سے کم جائیداد ملنے کا معاملہ سامنے آئے تو بیان ریکارڈ کیا جائے۔