پنجاب میں خواتین سمیت قانونی ورثاءکے حقوق سے متعلق عدالتی فیصلے پر پیشرفت نہ ہوسکی

لاہور (میاں ذیشان) پنجاب میں خواتین سمیت تمام قانونی ورثا کے شرعی و قانونی حقوق کے تحفظ اور وراثتی انتقالات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ کے وراثتی حقوق سے متعلق فیصلے کے باوجود پنجاب میں نئے عدالتی طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے انتظامی سطح پر تاحال کوئی عملی پیشرفت سامنے نہیں آ سکی۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے صوبے کے ریونیو افسران جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے تحصیلداروں، پٹواریوں اور ریونیو فیلڈ سٹاف کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تاحال کوئی نئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ عدالتی فیصلے کے تحت کسی وارث کا حق وراثت محض وقت گزرنے، غلط انتقال درج ہونے یا خاموش رہنے سے ختم نہیں ہو سکتا، اب نادرا کے خاندانی ریکارڈ کے بغیر وراثتی انتقال کی منظوری، خواتین سمیت تمام قانونی ورثا کو ان کے پتے پر تحریری نوٹس دیے بغیر اور دستبرداری کے معاملات میں ذاتی حاضری و آزادانہ رضامندی کی تصدیق کے بغیر انتقال منظور نہیں کیا جا سکے گا۔ پرانے طریقہ کار کے تحت ورثا کی شناخت اور شجرہ نسب کی تیاری کے باوجود خواتین کو لاعلم رکھ کر ان کے حصے سے محروم کرنے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم نئے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے سے وراثتی حقوق کے تحفظ کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور حافظ کریم داد چغتائی، ترجمان بورڈ آف ریونیو امجد کلیار اور ترجمان ڈپٹی کمشنر حارث علی سلہری رابطہ کے باوجود موقف دینے سے گریزاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں رائج سابقہ طریقہ کار کے مطابق کسی مالک کی وفات کے بعد پٹواری متوفی کے قانونی ورثا کی تفصیلات جمع کرکے شجرہ نسب مرتب کرتا، ورثا کی شناخت کیلئے ان کے قومی شناختی کارڈ، ب فارم اور دیگر متعلقہ دستاویزات حاصل کرتا اور کم از کم دو معزز مقامی افراد کے بیانات، دستخط یا انگوٹھوں کے نشانات کی بنیاد پر قانونی ورثا کی تصدیق کا عمل مکمل کرتا تھا، جس کے بعد متعلقہ ریونیو افسر وراثتی انتقال کی سمری انکوائری کرکے ہر وارث کا شرعی و قانونی حصہ متعین کرتا اور ریکارڈ کی جانچ کے بعد انتقال کی منظوری دیتا تھا، جبکہ پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت وراثتی انتقال منظور ہونے کے بعد مشترکہ جائیداد کی تقسیم کا قانونی عمل شروع کرنا بھی لازم ہے۔ تاہم اس طریقہ کار میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے جیسی اضافی حفاظتی شرائط، بالخصوص نادرا کا خاندانی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا اس کے مساوی مستند ریکارڈ، ہر قانونی وارث کو اس کے اپنے پتے پر تحریری نوٹس کی فراہمی اور وراثتی جائیداد سے دستبرداری یا کسی دوسرے فریق کے حق میں حصہ منتقل کرنے کی صورت میں متعلقہ وارث کی ذاتی حاضری اور آزادانہ رضامندی کی باقاعدہ تصدیق کو اس جامع انداز میں لازمی قرار نہیں دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے حالیہ فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 187 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے تمام صوبائی ریونیو حکام کو پابند کیا ہے کہ نادرا کا خاندانی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا تمام قانونی ورثا کی شناخت کرنے والا مساوی مستند ثبوت حاصل کیے بغیر کوئی وراثتی انتقال منظور نہ کیا جائے، جبکہ شجرہ نسب یا خاندانی ریکارڈ میں درج ہر وارث، بالخصوص خواتین کو ان کے الگ الگ پتے پر تحریری نوٹس جاری کیا جائے تاکہ کوئی بھی وارث لاعلمی یا عدم اطلاع کی بنیاد پر اپنے حق سے محروم نہ رہ سکے۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ جس وارث کو اس کے مقررہ شرعی و قانونی حصے سے کم جائیداد ملنے کا معاملہ ہو، اس کا باقاعدہ بیان ریکارڈ کیا جائے، جبکہ وراثتی جائیداد میں ہبہ، فروخت، دستبرداری یا خاندانی تصفیے کے ذریعے کسی وارث کا حصہ منتقل کرنے سے قبل متعلقہ ریونیو افسر اس کی ذاتی حاضری یقینی بنائے، شناخت کی تصدیق کرے اور تحریری بیان حاصل کرے کہ اسے اپنے مکمل قانونی حصے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کسی خاتون وارث کی صورت میں جہاں دستیاب ہو، اس کا بیان خاتون ریونیو افسر کی موجودگی میں ریکارڈ کرنا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔ فیصلے میں یہ اصول بھی واضح کیا گیا ہے کہ وراثتی حق متوفی کی وفات کے ساتھ ہی قانونی وارث کو منتقل ہو جاتا ہے اور محض کئی سال گزرنے، خاموش رہنے یا غلط انتقال درج ہونے سے اس کا حق ختم نہیں ہوتا، بلکہ وراثتی حصے سے واضح انکار اور متعلقہ وارث کو اس کا علم ہونے کے بعد ہی قانونی مدت کا تعین کیا جائے گا۔ عدالت نے وراثتی حصے سے محرومی کیلئے جعلی انگوٹھوں کے نشانات، فرضی ہبہ ناموں، خواتین کی لاعلمی میں حاصل کردہ دستبرداریوں اور دیگر غیر قانونی طریقوں کی روک تھام پر بھی زور دیا ہے۔ تاہم انتہائی اہم عدالتی فیصلے کے باوجود معلوم ہوا ہے کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے تاحال صوبے کے ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور دیگر متعلقہ ریونیو افسران کو نئے طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے کوئی باقاعدہ تحریری ہدایات یا سرکلر جاری نہیں کیا گیا، اسی طرح ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے بھی تحصیلوں کے ریونیو افسران، پٹواریوں اور فیلڈ سٹاف کو عدالتی احکامات کی روشنی میں طریقہ کار تبدیل کرنے اور نئی حفاظتی شرائط نافذ کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔ اس صورتحال میں خدشہ ہے کہ پرانے طریقہ کار کے تحت وراثتی انتقالات کی کارروائی جاری رہنے سے خواتین سمیت دیگر قانونی ورثا کے حقوق متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ جعلی دستاویزات، فرضی دستبرداریوں اور مبینہ ملی بھگت سے انتقالات کی منظوری کے امکانات بھی برقرار رہیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب فوری طور پر عدالتی فیصلے کی روشنی میں جامع طریقہ کار مرتب کرکے تمام اضلاع کو تحریری احکامات جاری کرے، جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور تمام تحصیلوں کے ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف کو پابند بنائیں کہ نئے عدالتی تقاضوں کے مطابق ہر وراثتی انتقال کی جانچ پڑتال، تمام ورثا کی شناخت، تحریری نوٹسز کی تعمیل اور دستبرداری کی صورت میں آزادانہ رضامندی کی تصدیق یقینی بنائی جائے تاکہ خواتین سمیت کسی بھی قانونی وارث کو اس کے شرعی و قانونی حق سے محروم نہ کیا جا سکے۔سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ کے وراثتی حقوق سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد اور ریونیو افسران کو نئی ہدایات جاری نہ کیے جانے کے حوالے سے سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور حافظ کریم داد چغتائی، ترجمان بورڈ آف ریونیو امجد کلیار اور ترجمان ڈپٹی کمشنر حارث علی سلہری سے موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا، تاہم مذکورہ افسران اور ترجمان کی جانب سے خبر کی اشاعت تک کوئی موقف، وضاحت یا جواب موصول نہیں ہوا۔ اگر مذکورہ افسران یا ترجمان اس معاملے پر اپنا موقف، وضاحت یا ردعمل پیش کرنا چاہیں تو ادارہ ہذا میں ان کا موقف من و عن شائع کیا جائیگا۔