”تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کیلئے نکالے گئے ہو“علماءکرام

رائیونڈ (نامہ نگار) عالمی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولاناعبدالرحمان،بھائی فاروق،مولانا ظہیر الحسن،مولانا ابراہیم دیولہ ودیگر نے کہا کہ اجتماع اس پیغام کو سمجھنے اور سمجھانے کی تربیت گاہ ہے، یہاں کسی کا کوئی فرقہ نہیں،کوئی تنقید نہیں کی جاتی،صرف اللہ اور اس کے رسول کی بات کی جاتی ہے کہ یہ دنیا موت کی تیاری کی جگہ ہے،انسان جو کچھ بھی کرے صرف یہ سوچ ذہن میں رکھ لے کہ وہ آخرت کی تیاری کررہا ہے تو انسان کے سارے مسائل اللہ خود بخود ہی ختم کردے گا، حضو راقدس نے قسم کھا کر فرمایا کہ تم امت مسلماں امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کرتے رہو،قبر میں جب منکر نکیر سوال کریں گے تو کیا جواب دےں گے ،تبلیغی اجتماع میں منکر نکیر کے سوالوں کا جواب دینے کی تعلیم پر ہی سارا دارومدار ہے، یہ دنیا فانی ہے اور یہ چند دنوں کی ہے آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ہے، ظالموں کو ظلم سے روکتے رہو اور حق بات کی طرف کھینچ کرلاتے رہو، تمہارے قلوب بھی اسی طرح غلط کردیئے جائیں گے جس طرح ان ظالموں کے کردیئے گئے ہیں،تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کیلئے نکالے گئے ہو،تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہواوراللہ تعالی پر ایمان رکھتے رہو،،مسلمان بھائیوزندگی فانی ہے، اس پر ایک سیکنڈکا بھی بھروسہ نہیں ہے، دین سیکھنے میں پہل کرنے والوں کیلئے اللہ تعالی نے جنت کی بشارت دی ہے،شہر، قصبوں، گاﺅں گاﺅں اور گلی،محلوں میں پھیل جا ﺅاور چھوٹوں سے لے کر بڑوں تک دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دے کران کو دین پھیلانے سکھانے کے عمل میں شامل کرکے اللہ تعالی کے دربار میں بلند ی کے مراتب حاصل کرنے والے بن جاﺅ،سالانہ اجتماع میں واپس لوٹنے پر ان کو اپنی اور اپنے مسلمان بھائیوں کی طرف سے مبارک باد پیش کرتے ہیں،وہ لوگ قابل احترام ہیں جوا للہ تعالی کے حکم کو گلی محلوں دور دراز کے علاقوں میں مشکلات سے گزر کر پہنچاتے ہیں،کاروبار ،مال اوراہل وعیال کو چھوڑ کر دینی فریضہ انجام دینے والے اللہ تعالی کے دربار میں بلند درجات پائیں گے، مسلمانوں آﺅ سب مل کر عہد کریں کہ اس نیک مشن کو پورا کرنے کیلئے خود کو دعوت وتبلیغ کیلئے پیش کریں تاکہ کل رب العزت کے دربار میں یہ کہہ سکیں کہ میں نے ساری زندگی گناہ اور غفلت میں گزاردی لیکن تیری راہ پر تیرے مقرب حضرات کی تقلید کرتے ہوئے میں نے بھی دین سیکھنے اور سکھانے کی کوشش کی تھی ،دنیا سے منہ موڑ کر خالص تیری رضا کیلئے وقت صرف کیا تھا۔علما ئے اکرام نے مزید کہا کہ دعوت وتبلیغ کا کام عام کام نہیں ہے ،یہ کام انبیا ئے اکرام کی میراث ہے جنہوں نے اللہ تعالی کی واحدانیت کو عام کیا اس کام پر انہیں مختلف اذیتوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،اس عظیم کام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے تمام کلمہ گو مسلمانوں کو اپنے اہل و عیا ل،محلے،شہر کے مکینوں کو دعوت دینا ہوگی۔