جعلی دستاویزات پر سفر کرنےوالوں کےخلاف سخت ایکشن لیاجائے،محسن نقوی


کراچی:(بیورورپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کے پراسیس کا جائزہ لیا،بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی،امیگریشن کے عمل، انتظار کے وقت اور درپیش مشکلات پردریافت کیا۔

دورے کے دوران امیگریشن سسٹم ڈاون ہونے پر محسن نقوی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سسٹم کی خرابی فوری دور کرنے کی ہدایت دی،محسن نقوی نے ہدایت کی امیگریشن سسٹم ڈاون ہونے کی صورت میں متبادل انتظام موجود ہونا چاہیے، امیگریشن عمل کسی صورت رکنا نہیں چاہیے،جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے،نامکمل ،بغیر تصدیق شدہ دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس عوامی مرکز بھی گئے، شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا پاسپورٹ کی تجدید کیلئے آنے پر چند منٹ میں کام مکمل ہوگیا ،کسی مشکل یا غیرضروری انتظار کا سامنا نہیں کرنا پڑا،وزیر داخلہ نے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے پاسپورٹ آفس عوامی مرکز کو مزید کشادہ کرنے کی ہدایت کردی۔