لاہور (کامرس رپورٹر)جماعت اسلامی کی کال پر 3 ستمبر کو ہونے والی ہڑتال تاجر برادری کی اکثریت مسترد کرتی ہے۔ لبرٹی مارکیٹ کے تاجر رہنما غلام مصطفی نے کہا ہے کہ ہم کسی قسم کی ہڑتال نہیں کریں گے، اسی طرح گلبرگ سینٹر کے صدر احسن اللہ بٹ نے کہا ہے کہ ہم ہڑتال میں حصہ نہیں لیں گے۔ انجمن تاجراں قائداعظم گروپ کے چیئرمین وقار احمد میاں نے کہا ہے کہ بادامی باغ مارکیٹ کھلی رہے گی۔ ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے کہا ہے کہ ایم ایم عالم روڈ کھلا رہیگا، ہمارا جماعت اسلامی کی ہڑتال سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لاہور ڈرگ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فرحان سعید بٹ نے بھی ہڑتال سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح والٹن روڈ کے تاجر رہنما میاں سلیم نے کہا ہے کہ ہمارا ہڑتال سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم دکانیں کھولیں گے۔ اچھرہ بازار کے نو منتخب صدر چودھری کبیر احمد نے کہا ہے کہ ہمارا جماعت اسلامی سے کوئی تعلق نہیں ہے، اچھرہ بازار آج 3 ستمبر کو کھلا رہیگا، اسی طرح فیروزپورروڈ کے تاجر رہنما اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب سرکی نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قسم کی کسی ہڑتال سے ہمارا تعلق نہیں ہے، 3 ستمبر کو پورے پاکستان کی مارکیٹس کھلی رہیں گی۔
تاجروں کی اکثریت کا جماعت اسلامی کی ہڑتال سے اعلان لاتعلقی


















