لاہور(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووہان یونیورسٹی، تائی پنگ ہیلتھ اور دیگر معروف چینی اداروں کے ساتھ پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کے شعبے میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ چینی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پنجاب کے ہیلتھ انشورنس سیکٹر میں مزید بہتری آئے گی اور جدید انشورنس ماڈلز کو فروغ ملے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری تربیتی و طبی سیاحت مرکز ووہان میں قائم کیا گیا ہے، جو طبی تربیت، تحقیق اور علمی تبادلے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس مرکز کے ذریعے پاکستانی ڈاکٹرز کے لیے جدید طبی تربیت کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پروفیسر چن کی سربراہی میں چینی ہیلتھ انشورنس وفد نے پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں صحت کی سہولیات اور طبی خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری مرکز کے شراکت داروں میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز، ڑونگ نان ہسپتال ووہان اور سی پی ایم اے شامل ہیں۔ چینی اور پاکستانی ماہرین کے درمیان طبی مہارت، جدید علاج اور طبی علوم کے تبادلے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور جدید ہیلتھ انشورنس ماڈلز کا فروغ خوش آئند ہے۔ چین کے ساتھ تعاون سے پنجاب میں طبی تربیت، تحقیق، جدید علاج اور صحت کی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
پنجاب کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے،عظمیٰ بخاری


















