اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم کاکسان دوست اقدام،2027 کیلئے گندم کی قیمت 4500روپے من مقرر کردی،پیداواری لاگت میں اضافے کے پیش نظر گزشتہ برس کی نسبت قیمت میں 1000 روپے من اضافہ کیا گیا ،صدآصف زرداری ،قائد نواز شریف کی رہنمائی اور وزرائے اعلیٰ پنجاب و سندھ کی مشاورت و تعاون شامل حال رہا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی زرعی شعبے کے فروغ، کسانوں کے معاشی مفادات کے تحفظ ،آئندہ سال گندم کی پیداوار میں اضافے کےلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 2027 کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ، قیمت میں اضافے کا مقصد کسانوں کو بڑھتی پیداواری لاگت ،پٹرول قیمتوں میں اضافے ،مہنگائی کے دباو سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
شہبازشریف نے کہاکسانوں کو گندم کی کاشت کےلئے مو¿ثر ترغیب دینا فیصلے کے مقاصد میں شامل ہے،توقع ہے نئی مجوزہ قیمت سے کسانوں کو پیداواری لاگت پوری کرنے ،مناسب منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی،گزشتہ برسوں کے دوران کسانوں کو مہنگائی ،زرعی اخراجات میں اضافے کے باعث مالی مشکلات کا سامنا رہا، پاکستان کو 2برسوں میں گندم درآمد بھی کرنا پڑی،قیمت میں اضافے کا کلیدی فیصلہ ملکی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی ، زرعی شعبے میں استحکام کےلئے اہم پیشرفت ثابت ہو گا۔
وزیر اعظم نے کہاحکومت کو توقع ہے مجوزہ قیمت کے تعین سے کاشتکار گندم کی کاشت میں زیادہ دلچسپی لیں گے، آئندہ سیزن میں گندم کی بھرپور بوائی ،ملکی پیداوار میں اضافے کے امکانات روشن ہوں گے،اقدام کسانوں کی معاشی بہتری، زرعی معیشت کے استحکام ،ملک کو غذائی ضروریات کے ضمن میں زیادہ خودکفیل بنانے کی کوششوں میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف نے لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دیتے ہوئے کہالائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین ،اراکین کا انتخاب شفاف ،میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے،بورڈ میں نجی شعبے کے قابل ،تجربہ کار ماہرین کو شامل کرکے مو¿ثر و فعال ادارہ بنایا جائے، منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کےلئے واضح اہداف ،مقررہ مدت پر مشتمل جامع ایکشن پلان پیش ،لائیوسٹاک اور ڈیری شعبے کی ترقی کےلئے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل ،متعلقہ ممالک کے تجربات سے استفادہ کیا جائے، پاکستان میں لائیوسٹاک شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، برآمدات ،معاشی ترقی کےلئے بروئے کار لایا جائے۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے بین الاقوامی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل (A&M) کے شمالی امریکہ آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،شہبازشریف نے کہاپاکستان ادارہ جاتی اقتصادی اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن ،میرٹ و شفافیت کے فروغ کے ذریعے معاشی ترقی و خوشحالی کے حصول کےلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے،پاکستان اپنی معیشت کو بین الاقوامی منڈیوں کےلئے مزید کھولنے ،عالمی سطح پر تسلیم شدہ اقتصادی ماہرین سے مشاورت کےلئے پرعزم ہے،اقتصادی و مالیاتی استحکام کا مشکل ہدف حاصل کرنے کے بعد حکومت گہری ،بنیادی نوعیت کی ادارہ جاتی اقتصادی اصلاحات کےلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، مقصد برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کے نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہاحکومت قومی صنعت و پیداوار کی کارکردگی ،استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کےلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں،حکومت سرکاری ملکیتی اداروں کی معاشی افادیت، پائیداری کا جائزہ لینے کےلئے فعال حکمت عملی پر عمل پیرا ، قومی معیشت کی بہتری ،اقتصادی ترقی کےلئے اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کاکسان دوست اقدام،2027 کیلئے گندم کی قیمت 4500روپے من مقرر



















