لزبن (مشرق نیوز) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے دولت کے میدان میں بھی نئی تاریخ رقم کردی۔ امریکی جریدے فوربز کے مطابق رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جن کے اثاثوں اور آمدنی نے ملٹی بلینیئر کی سطح عبور کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 22 کروڑ 50 لاکھ پاونڈ کمائے۔ سعودی کلب النصر کی جانب سے انہیں روزانہ تقریباً 4 لاکھ 88 ہزار پاونڈ معاوضہ ملتا ہے جبکہ اشتہارات اور کاروباری سرگرمیوں سے انہوں نے مزید 4 کروڑ 20 لاکھ پاونڈ حاصل کئے۔
فوربز کی امیر ترین فٹ بالرز کی فہرست میں ارجنٹائن کے لیونل میسی دوسرے نمبر پر ہیں جن کی سالانہ آمدنی تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ پاونڈ رہی۔ فرانسیسی سٹار کائیلیان ایمباپے 7 کروڑ 50 لاکھ پاونڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ اور ریال میڈرڈ کے وینیسیئس جونیئر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔ نوجوان ہسپانوی اسٹار لامین یامال نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ رونالڈو اور میسی گزشتہ 13 برسوں میں 12 مرتبہ اس فہرست کے ابتدائی دو مقامات پر جگہ بنا چکے ہیں جو ان کی مسلسل مالی کامیابی کا ثبوت ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو فٹ بال کی تاریخ کے پہلے ملٹی بلینیئر کھلاڑی بن گئے


















