پاکستان سمیت چار ممالک کا علاقائی امن کیلئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

تہران (مشرق نیوز) ایران، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلیئے مذاکرات جاری رکھنے، مشترکہ کوششیں بڑھانے اور تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چار ملکی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں خطے میں امن و سلامتی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علاقائی سلامتی کے طریقہ کار پر مشاورت اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ خطے میں سلامتی کے قیام کیلئے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے جبکہ پائیدار امن کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اجلاس میں خطے کی سلامتی، امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف کارروائیوں کے اثرات اور فلسطین و لبنان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔