نیویارک (مشرق نیوز) پاکستانی نژاد طوریس حبیب ساونڈ انجینئرنگ میں گریمی ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ عالمی خبر ساں ادارے کے مطابق ساونڈ انجینئر طوریس حبیب نے فروری میں عالمی شہرت یافتہ موسیقار ہانس زمر کی فلم کے ساونڈ ٹریک پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے تھے۔
ان کے کام کو نہ صرف ہالی ووڈ بلکہ دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا اور وہ گریمی ایوارڈ کے حقدار پائے گئے، یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ طوریس حبیب نے یہ سنگ میل خاموشی سے حاصل کیا اور ٹرافی گھر پہنچنے تک کسی کو نہیں بتایا۔
اس ہفتے ٹرافی وصول ہونے کے بعد طوریس حبیب نے پہلی بار سوشل میڈیا پر اس شاندار کامیابی سے آگاہ کیا، انہوں نے اپنی پوسٹ پر اس کامیابی کو اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ میں بے حد شکر گزار ہوں کہ مجھے اپنے کام کے اعتراف میں گریمی ایوارڈ سے نواز گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ساونڈ انجینئرنگ میں، میں پہلا پاکستانی اور مجموعی طور پر دوسرا پاکستانی ہوں جس نے گریمی ایوارڈ جیتا، یہ تاریخی اعزاز حاصل کرکے طوریس حبیب نے وطن عزیز کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔
پہلی بار ایک پاکستانی نژاد ساونڈ انجینئر نے گریمی ایوارڈ جیت لیا



















