اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،نمائندہ خصوصی) عالمی بینک کے صدر اجے بنگا کی پاکستان آمد، 10سالہ پارٹنرشپ پر پیشرفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجے بنگا کی وزیراعظم ودیگر اعلیٰ حکام کےساتھ ملاقاتوں میں بھارت کےساتھ جاری آبی تنازع سمیت اہم امور پر پر بات چیت ہوگی،ملاقاتوں کے دوران معاشی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات سے آگاہ کیا جائےگا،عالمی بینک کےساتھ 10سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عملدرآمد میں اہم پیشرفت بھی متوقع ہے، عالمی بینک فریم ورک کے تحت 2035 تک پاکستان کو 20ارب ڈالر فراہم کرےگا۔
دریں اثنا صدر ورلڈ بینک اجے پال سنگھ بنگا نے گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کیا،وزیر اورنگزیب، صوبائی وزیر و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ بھی ہمراہ تھے،گوردوارہ سری پنجہ صاحب پہنچنے پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق ، ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا، مہمان خصوصی نے گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں خصوصی عبادت کی ،لنگر خانے میں کھانا تناول کیا،سکھ برادری کی جانب سے سروپا پیش کیا گیا۔
صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا صدر ورلڈ بینک کی گردوارہ سری پنجہ صاحب آمد سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا،پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل اور اقلیتوں کے مقدس مقامات کی حفاظت حکومتی ترجیح ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا متروکہ وقف املاک بورڈ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کےلئے بہترین انتظامات کرتا ہے تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو،بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری پاکستان سے محبت، امن اور رواداری کا پیغام لے کر واپس جاتے ہیں۔
عالمی بینک کے صدر کی پاکستان آمد، 10سالہ پارٹنرشپ پر پیشرفت متوقع



















