لاہور:(وقائع نگار)سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے پاکستان میں فتنہ الخوارج ،فتنہ الہندوستان کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا، دہشتگردی کیخلاف جنگ صرف سکیورٹی فورسز ، فوج، پولیس یا ایف سی کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ، کامیابی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سکیورٹی ذرائع نے کہا پاکستان کے اندر تمام سپانسرڈ دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، ترلائی امام بارگاہ کے حملہ آور کو ٹریننگ افغانستان نے دی،بیرونی و اندرونی سازشی عناصر کیخلاف سخت کارروائیاں ناگزیر ہیں،آپ کی کوئی بھی سیاسی یا مذہبی سوچ ہو فرق نہیں پڑتا البتہ دہشت گردی کیخلاف متحد ہونا ہے،قومیت، لسانیت یا صوبائیت کی بنیاد پر ہر گز تقسیم نہیں ہونا بلکہ متحد رہ کر تمام فتنوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا فتنہ الہندوستان درحقیقت بلوچ عوام ، بلوچستان کی ترقی کا دشمن ہے، 3سال قبل 15 سے 20 ملین لٹر ایرانی پٹرول وڈیزل کی سمگلنگ ہوتی تھی جو اب ختم ہوچکی ، سمگلنگ کا پیسہ دہشتگردکاروائیوں میں استعمال ہوتا ہے،گڈ گورننس ہی دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرسکتی ہے،احساس محرومی کے نعرے کی آڑ میں دہشتگردی کرنیوالے دہشت گردوں کو بلوچستان کے عوام نے پہچان لیا۔
صحافیوں سے گفتگو میں سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کے پی میں دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے بھی نیشنل ایکشن پلان ہی کنجی ،پختونخوا میں کی جانیوالی حالیہ میٹنگز خوش آئند ہے،بھارت کی طرح دہشتگردوں کو بھی شکست دیں گے، تعلیمی اداروں کے دوروں سے بات مزید واضح ہوتی عوام خصوصاً نوجوان نسل پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،کوئی بیانیہ فوج اور عوام کے رشتے کو کمزور نہیں کر سکتا، ہمارا بیانیہ صرف پاکستان ہے،اپوزیشن لیڈر کا پاک فوج پر حالیہ بیان انتہائی افسوسناک و جھوٹ پر مبنی ،بات چیت تمام سیاسی جماعتوں کا استحقاق ہے،فوج کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں،قانونی و کورٹ کیسز اور جڑے تمام معاملات کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق عدالتوں نے کرنا ہے۔
اچکزئی کا بیان افسوسناک، کوئی بیانیہ فوج اور عوام کے رشتے کو کمزور نہیں کر سکتا،سکیورٹی ذرائع


















