امارات کا تحفظ و استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی جزو ہے،فیلڈ مارشل

ابوظہبی،راولپنڈی :(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے متحدہ عرب امارات کاتحفظ و استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی جزو ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران و قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کی ، معاشی تعاون، سرمایہ کاری و سکیورٹی شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،دونوں رہنماﺅں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کےلئے مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

سید عاصم منیر نے پاکستان کی مستقل حمایت پر امارات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا مظہر ہے،معاشی و سماجی ترقی کے فروغ میں اماراتی قیادت کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات و مضبوط تزویراتی شراکت داری ،متحدہ عرب امارات کی سلامتی و استحکام پاکستان کی اپنی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔

فیلڈ مارشل نے عزم کا اعادہ کیا پاکستان تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کےلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا تاکہ دونوں برادر اقوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں امن، استحکام ،خوشحالی کو فروغ ملے۔