40 لاکھ خاندانوں کیلئے رمضان نگہبان کارڈ،حق دہلیز پر پہنچائیں گے،مریم نواز

لاہور: (وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے پیرا کو رمضان المبارک میں مہنگائی کی روک تھام، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائی کا حکم دیدیا ،ماہ رمضان میں 40 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈدینے ،مارکیٹوں، شاپنگ سنٹر کے اوقات کار کی پابندی ہٹانے کابھی اعلان کر دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ماہ رمضان میں مہنگائی کا جن باہر نکل آتا ہے،تمام کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ز فرائض بخوبی سرانجام دیں گے،دنیا بھر میں رمضان المبارک کے دوران خصوصی اقدامات ،افسوس سے کہنا پڑرہا ہے پاکستان بھر میں مہنگائی کی لہر پیدا ہوجاتی ہے،ملک میں زیادہ ترآبادی مہنگائی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی،ریاست ،مخیر حضرات کے ملکرکام کرنے سے بہت فرق پڑےگا،مجھ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا بےروزگار ،مالی مشکلات کا شکار افراد کو ریاست کے پاس نہیں آنا پڑے گا،ریاست خود معاونت کرے گی،ضرورت مند خاندانوں کو حکومت دہلیز پر حق پہنچائے گی، 4 لاکھ سے زائد رمضان نگہبان کارڈ گھروں کی دہلیز پر پہنچائے جاچکے ، 10 رمضان المبارک تک 40 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ مہیا کر دیئے جائیں گے،رمضان نگہبان کارڈ کو استعمال کے بعد ضائع نہیں کرنا، آئندہ بھی ریلیف فراہم کیا جائے گا،سہولت بازاروں سے بھی عوام کو ریلیف دیا جائے گا،اشیائے خورونوش کے حصول کےلئے کسی کو بھی قطار میں لگنا نہیں پڑے گا۔

مریم نواز نے کہا تمام اضلاع میں انتظامیہ کو ریلیف یقینی بنانے کی بھرپور ذمہ داری نبھانی ہے،40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو10,10 ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی،رمضان نگہبان کارڈ سے تمام افراد اے ٹی ایم سے رقم نکلوا سکتے ہیں، کمشنر، ڈپٹی کمشنر سمیت سب کو برکتوں کے مہینے میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، مزدور کارڈ والوں کو 7ہزار روپے اضافی فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا نگہبان رمضان کارڈ کےلئے 167 کیمپ سائٹس تمام اضلاع میں فنکشنل کر دیئے،پیسے کاٹنے والوں کو سخت سزا ملے گی،پیرا کے اہلکار نرخوں پر اشیا کی فراہمی یقینی بنائیں گے،ناجائزمنافع خوروں کو سخت سے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑےگا،پنجاب کے تمام شہروں میں سہولت ،رمضان بازار مکمل طور پر فعال ،سہولت بازاروں سے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں کی تعداد میں عوام خریداری کررہے ہیں،ضرورت مند ،معاشی طور پر کمزور افراد سہولت بازار سے راشن خریدیں،صاحب حیثیت افراد اپنے دستر خوان غریب ،روزے داروں کو وسیع کریں،147 شہروں میں 300کے قریب دستر خوان لگائے جائیں گے، تمام دسترخوان میں اعلیٰ کوالٹی کاکھانا مہیا کیا جائے گا۔