بلوچستان ،14 دہشتگرد ہلاک، ڈی آئی خان،حملہ، 2اہلکار شہید

کوئٹہ،ڈی آئی خان،لکی مروت،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیاں ،14 دہشتگردہلاک ،3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

درخشاں میں خفیہ اطلاع پر مبنی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردجہنم واصل، سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار زخمی ہو گئے،ہلاک ہونےوالے دہشتگرد متعدد حملوں، سرکاری تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے،قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

ضلع بارکھان میں بھی شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 دہشتگرد مارے گئے،سکیورٹی فورسز کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔

صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائیوں پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کا خاتمہ ترجیح ،ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں۔

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم آفس ،پولیس پر حملے میں2اہلکار شہید ،2زخمی ہو گئے،شہدا میںاسرار خان ،بلال شامل ہیں،پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے سی پیک روٹ پر چلنے والی مسافر بسوںپر بھی گولیاں برسائیں،کسٹم کی گاڑیوں کو آگ لگا دی،سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔

دریں اثنا لکی مروت میں پولیس ،بم ڈسپوزل سکواڈ نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا،پولیس کے مطابق میانوالی شاہراہ پر نالہ پل سے منسلک 40 کلو بارودی مواد پر مشتمل ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا گیا۔