تیزی سے بدلتی دنیا میں نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیہ اپنانا ہوگا،فیلڈ مارشل


راولپنڈی :(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے موجودہ غیر یقینی ،تیزی سے بدلتی دنیا میں نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزئیے کو اپنانا ہوگا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ وفد سے ملاقات کی، متعدد ممالک کے طلبہ شامل تھے،علاقائی و عالمی ،ملکی سکیورٹی صورتحال، خطے و دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کےلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سید عاصم منیر نے نوجوانوں کےلئے تعلیم، ہنر مندی، کاروباری صلاحیتوں ،حقائق پر مبنی تجزئیے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایسی دنیا میں بامعنی کردار ادا کر سکیں جو بڑھتی بے یقینی ،سوشل میڈیا و پروپیگنڈے کے اثرات سے متاثر ہو رہی ہے،ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے دورے کے دوران حاصل ہونےوالے مثبت تجربات کا اظہار کیا،پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی ، مہمان نوازی کو سراہا اور ملک میں موجود بے پناہ صلاحیتوںو مواقع کو اجاگر کیا۔

دریں اثنافیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان عبدالمحسن الفضلی نے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ترجمان پاک فوج نے کہا فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان ،مملکت سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر ، دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انجینئر عبدالرحمان عبدالمحسن الفضلی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا، بالخصوص زراعت و ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔