لندن:(مشرق نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان کو 24ویں بڑی معیشت ،جی 20 کا حصہ بنانا ہدف ہے۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا برطانیہ کا دورہ انتہائی مثبت و کامیاب رہا، پاک برطانیہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لےجانا چاہتے ہیں، برطانوی حکام کےساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ،2017میں ترقی کا سفر نہ روکا جاتا تو پاکستان کا شمار دنیا کی بڑی معیشتوں میں ہوتا،ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا،معیشت کا پہیہ چل پڑا ،مہنگائی نیچے، زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں بہتری آگئی۔
نائب وزیراعظم نے کہا معیشت میں استحکام ،مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ ،پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر ساڑھے 11 فیصد پر آگیا ، معاشی استحکام کے بعد اب توجہ اقتصادی ترقی و شرح نمو بڑھانے پر مرکوز ہے،معاشی ترقی کے نتیجے میں فی کس آمدنی ، عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا، حکومت کا ہدف پاکستان کو دوبارہ 2017 کے معاشی اشاریوں تک لےجانا، ملک کو 24ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل کرنا ہے،پاکستان عالمی سطح پر سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا،پوری دنیا سفارتی کوششوں کو سراہ رہی ہے۔
پاکستان کو 24 ویں بڑی معیشت ، جی 20 کا حصہ بنانا ہدف ہے، اسحاق ڈار

















