تہران:(مشرق نیوز)ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک پر زور دیا ہے اپنے ”حقیقی دشمن“ کو پہچانیں، منصوبوں کو سمجھیں اور مقابلہ کریں۔
اپنے تحریری پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا امریکہ و اسرائیل کے مجر م حکمران صرف ایران نہیں ،پوری اسلامی دنیا کے دشمن ہیں،خطے کے ممالک موجودہ حالات کا گہرائی سے جائزہ لیکراپنے مفادات کے تحفظ کےلئے متحد ہوجائیں،مشرق وسطیٰ ممالک کو سمجھنے کی ضرورت ہے اصل دشمن کون اور مقاصد کیاہیں،خلیجی حکمران حقیقی دشمن کے منصوبوں کو سمجھیں ،مقابلہ کریں،مسلمان اتحاد قائم کرتے ہوئے دشمنوں کےخلاف باہمی دفاع و تعاون بڑھائیں۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا اندرونی اتحاد کےساتھ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے،مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد سے امریکہ ،اسرائیل کو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے سے روکا جا سکے گا، خطے کے ممالک اتحاد و تعاون کے ذریعے استحکام ،ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکیں گے،ایران جنگ نہیں چاہتا تاہم کسی بھی جارحیت کےخلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا،تہران دھمکیوں اور دباو کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔
بحری فوج کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا دشمن نے عوام ،مسلح افواج کے عزم و ارادے کا انتہائی غلط اندازہ لگایا، بحریہ اپنے شہدا کے خون سے مزید قوت حاصل کرے گی،مزید عزم و حوصلے، پختہ ارادے کےساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہاامریکہ بھولے میڈیا کے ذریعے توانائی مارکیٹ میں ہیرا پھیری کرکے جنگ کو طوالت دینے کی کوشش کر رہا ہے، اسرائیل سے جڑے عناصر امید افزا جائزے پیش کر رہے تاہم صورتحال کا اصل بوجھ امریکی صارفین اٹھا رہے ہیں۔
نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کہا ایران ،عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے گزرنے کے انتظامات پر اتفاق ہوگیا لیکن مفاہمت خود بخود نافذ نہیں ہوگی،آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے امریکہ کو پہلے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔
ایرانی فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا حالیہ تنازعات میں غیر ملکی دشمن ایران کے خلاف اپنے کسی بھی سٹریٹجک مقصد کو حاصل نہیں کر سکے،جنگ میں کامیابی کا معیارہے دشمن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روکا جائے،دفاعی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی کوششوں کے باوجود ایرانی مسلح افواج نے جنگ کے آخری لمحات تک پوری قوت سے میزائل و ڈرونز استعمال کیے،فضائی دفاعی یونٹس نے بھی کئی دشمن ڈرونز، جنگی طیاروں اور اسٹریٹجک آلات کو نقصان پہنچایا۔
امیر حاتمی نے کہادشمن خود جانتا ہے ایرانی مسلح افواج اب بھی طاقت، عزم، جدت و بہادری کے ساتھ ڈٹی ہیں،وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے گا ،کوئی تعطل نہیں آئے گا،موجودہ و مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کےلئے دفاعی تیاریوں میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے۔
اپنے ”حقیقی دشمن“ کو پہچانیں، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا خلیجی ممالک کو پیغام


















