ہر ضلع میں ”سپیشل روڈ مینٹیننس سکواڈ“قائم کرنے کا فیصلہ، شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، مریم


لاہور:(نمائندہ خصوصی)پنجاب کے ہر ضلع میں ”سپیشل روڈ مینٹیننس اسکواڈ“قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے روڈ مینٹیننس اسکواڈ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ روڈز کی روزانہ کی بنیاد پر جانچ پڑتال، مینٹیننس، صفائی اور سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کو درست کر نا روڈ مینٹیننس اسکواڈکے سپردہوگی۔

وزیراعلیٰ نے مخصوص اربن روڈز پر کیٹ آئی کی تنصیب لازمی قراردینے کا حکم دیا۔ انہوں نے پائیداری اور خوبصورتی کے لیے تھرموپلاسٹک روڈ مارکنگز استعمال کرنے کا حکم دیا اور شہر اور تحصیل کے داخلی راستوں پرکنکریٹ کے داخلی دروازے تعمیر نہ کرنے کی ہدایت کی۔ ہر شہر کے داخلی راستے پر سرسبز و شاداب پلاٹ پر شہر کا نام کندہ کرنے کی ہدایت کی اور مخصوص سڑکوں کے ساتھ موجود بجلی کے کھمبوں کی مناسب روشنی یا سجاوٹ کے ساتھ روشن کرنے کا حکم ۔ وزیراعلیٰ نے فوڈ سٹریٹس کو مخصوص اور الگ تجارتی علاقوں کے طور پر منصوبہ بندی کرنے کا حکم دیا اور صوبہ بھر کی تمام سبزی منڈیوں میں رسائی، صفائی، ٹریفک کا انتظام اور منظم تجارتی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ تمام پراجیکٹس کومنظور شدہ ڈیزائن، مواد اور ٹیکنیکل اسٹینڈرڈز کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت اور تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پرمیڈین ڈیزائن اور لینڈ سکیپنگ کا حکم دیا۔ مناسب مارکنگ، لین مارکنگ، ٹریفک سائن اور ہدایتی نشانات نصب اور برقرار رکھا جائے۔ تمام روڈ سیفٹی اقدامات منظور شدہ تکنیکی معیار کے مطابق ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ضلع کے داخلی راستوں کوجدید، عصری ڈیزائن اور چینی شہر کے داخلی راستوں کا حوالہ دیاجائے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خواندگی کے عالمی دن پرتمام قابل قدر اساتذہ کرام کو سلام پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہر شہری کی ترقی اورخوشحال کیلئے خواندگی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کا فرض اولین ہے۔ جبکہ خواندگی کے فروغ کا ہدف انفرادی،قومی اورعالمی ترجیح مقرر کیے بغیر ممکن نہیں۔پنجاب میں نوجوان نسل کی ڈیجیٹل خواندگی پر خصوصی توجہ دے کر دورحاضر کے تقاضوں کو نبھانے کیلئے کوشاں ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سمند ری حدود کی حفاظت کیلئے شوریدہ نہروں سے برسرپیکار پاک بحریہ کے ہر افسر اورجوان کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک بحریہ کے شہدا اورغازیوں کیلئے خراج عقیدت پیش کیا۔ یوم بحریہ کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ہر موقع پر اپنی شاندار پیشہ ور صلاحیت کا بھرپور مظاہر ہ کر کے دشمن پر اپنی برتری ثابت کی۔ پاک بحریہ نے 8ستمبر کے روزتاریخی آپریشن میں کامیابی حاصل کر کے دشمن پر اپنی برتری کی دھاک بیٹھادی۔