لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست اقدامات کی بدولت عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں سولہویں نمبر پر آگیا۔ وزیراعلی نے نومبر میں سموگ سیزن کی آمدسے قبل موثر پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ برس کی کامیاب حکمت عملی کو مزید موثر بنانے اور فضائی آلودگی کے پھیلاو کے تمام ذرائع کو روکنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوںنے پنجاب کی انتظامیہ اور محکموں کو فصلوں کی باقیات کو جدید مشینری سے ٹھکانے لگانے اور آگ نہ لگانے کے امر کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ پلاسٹک کو آگ لگانے اور پلاسٹک سے تیار کردہ مصنوعات سے انسانی زندگی کو لاحق خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ڈویژن اوراضلاع کے بعداب ہر تحصیل میں الیکٹروبس چلے گی۔ پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس کا آغاز جنوری سے کر دیا جائے گا۔ صوبہ کی91تحصیلوں میں 1500الیکٹروبسیں چلیں گی۔ ہر تحصیل کیلئے مخصوص الیکٹروبس ڈپوکی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔الیکٹروبس سروس کیلئے پہلا بیج جنوری 2027ءمیں لاہور پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹروبسوں کی فراہمی کی منظوری دیدی۔پنجاب بھر میں جون 2027 تک تین ہزار الیکٹروبسیں چلیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ستمبر تک الیکٹروبس سروس کا پہلا فیز مکمل کرنے کا ہدف دے دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان کی 9 تحصیلوں میں 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں کیلئے 87، بہاولپور کی 11 تحصیلوں میں 215 الیکٹروبسیں آئیں گی۔ ڈی جی خان کی 10 تحصیلوں میں 63، فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 اور سرگودھا کی14تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلیں گی۔ گوجرانوالہ کی 7تحصیلوں میں 125 الیکٹروبسیں، گجرات کی 8 تحصیلوں میں 122، راولپنڈی کی 16 تحصیلوں میں 219 الیکٹرو بسیں چلیں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشوک میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 11 دہشت گرد ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اسی طرح وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں گرین بس سے ٹکرا کر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے معصوم بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ پر کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ۔
لاہور آلودہ ترین شہروں میں 16 ویں نمبر پر آگیا،اب ہر تحصیل میں الیکٹروبس چلے گی، مریم نواز


















