معاشی جنگ جاری رہی تو خلیج میں بحری زون قائم ہوگا، ایران کی امریکہ کو دھمکی

تہران:(مشرق نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے جارحیت کرنےوالوں کو مکمل پچھتاوے تک پہنچانے کےلئے بھرپور طاقت کےساتھ مزاحمت جاری رکھیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران ہمیشہ جنگ کی مخالفت کرتا رہا اور عوامی مفادات ،خطے کی سلامتی کےلئے تنازع شروع کرنے سے گریز کو ضروری سمجھتا ہے،ایران جنگ کا خواہاں نہیں تاہم کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نئے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر ذمہ دارانہ ردعمل دینا چاہئے،امید ہے نئے سیکرٹری جنرل اسلامی دنیا کو درپیش حالات ،چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد ،باہمی رابطے کو فروغ دینے میں تنظیم کی صلاحیتوں کو موثر انداز میں بروئے کار لائیں گے۔

سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے امریکہ کو خبردار کیااگر واشنگٹن نے ایران کے خلاف معاشی جنگ جاری رکھی تو تہران خلیج فارس میں بحری اخراجی زون قائم کرسکتا ہے،حالیہ دنوں نئے میزائلوں کے ذریعے امریکہ کو واضح پیغام دیا،فوجی حکمت عملی میں بھی بنیادی تبدیلی کی گئی۔

مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے کہا دشمن نے ایران کی جنگ کا رخ تبدیل کرنے اور محاذ کو پورے خطے تک پھیلانے کی صلاحیت کا درست اندازہ نہیں لگایا،آبنائے ہرمز خطے کا اہم تزویراتی مسئلہ ہے،ایرانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان اتحاد نے دشمن کی کوششوں کو ناکام بنایا۔

وزیر پٹرولیم محسن پاک نژاد نے کہا امریکی و اسرائیلی حملوں کے دوران خارگ جزیرے کو 550 مرتبہ نشانہ بنایا گیا،وزارت نے ملک کے سٹریٹجک ذخائر، پیداواری عدم توازن اور ساوتھ پارس گیس فیلڈ کے چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری رکھا۔

ائیر پورٹس اینڈ ایئر نیویگیشن کمپنی کے سی ای او مرتضیٰ دہقان نے انکشاف کیا جنگ کے دوران ملک کے 27 ہوائی اڈوں کو مختلف نوعیت کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا،ہوائی اڈوں کی تعمیر نو کےلئے مالی وسائل حاصل کئے جا رہے ہیں ، بحالی کے عمل میں بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم کے جدید ترین معیارات اور آلات کا استعمال کیا جائے گا۔