ٹرانسپورٹرز نے کرائے مزید بڑھادئیے،پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ چیلنج


لاہور: (کامرس رپورٹر،کورٹ رپورٹر،اپنے رپورٹر سے)ٹرانسپورٹرز نے کرائے مزید بڑھادئیے،پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ چیلنج،مہنگائی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا پٹرولیم قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے،حکومت کی جانب سے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔

ادھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے،عدالت لیوی، ٹیکس، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں ،ڈیلرز مارجن ،قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار طلب کرے۔

دوسری جانب مہنگائی ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بڑھتی مہنگائی کےخلاف قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی،اپوزیشن رکن وقاص مان کی جانب سے جمع کرائی قرارداد میں کہا گیاپٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی شدید متاثر،ٹیکسز اور لیویز میں فوری نمایاں کمی ،معاشی مشکلات کا تمام تر بوجھ غریب عوام پر ڈالنے کی بجائے اشرافیہ سے بھی قربانی لی جائے۔