پاکستان کوبچانے اور چلانے کا واحد طریقہ انتظامی یونٹ کا قیام ہے: مصطفی کمال

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے اور چلانے کا واحد طریقہ انتظامی یونٹس کا قیام ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ سانحہ پمز ہسپتال کی تفصیلی رپورٹ میں33 سفارشات پیش کی گئی ہیں جن پر عملدرآمد میں کچھ وقت لگے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سانحہ پمز کی انکوائری رپورٹ میں ایک افسر سمیت قصوروار قرار دیے جانے والے 9 افراد کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ 8 افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پمز کے فائر سیفٹی سسٹم اور عمارت کے سٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے 3 ماہ کا وقت دیا ہے جبکہ پمز میں آئندہ 15 روز کے دوران 176 بستروں پر مشتمل نئی ایمرجنسی فعال ہوجائیگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بچانے اور چلانے کا واحد طریقہ انتظامی یونٹس کا قیام ہے، صوبائی حکومتیں 18ویں ترمیم کے بعد تمام وسائل اور اختیارات لیکر بیٹھ گئی ہیں، یہ اس لئے احتجاج کررہے ہیں کہ ان کے اقتدار کا سورج غروب نہ ہو۔