یوم دفاع شہداءکی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے :سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے کہا ہے کہ یومِ دفاع پاکستان ہمیں وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءاور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو فخر کے ساتھ یاد کرنے اور قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ میجر عزیز بھٹی شہید اور ایم ایم عالم جیسے قومی ہیروز کی شجاعت ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔ یومِ دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ءکو بھارتی فوج نے بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان پر حملہ کیا، تاہم افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے وطن کا بھرپور دفاع کیا۔ 17 روز تک جاری رہنے والی جنگ میں پاکستانی جوانوں نے غیر معمولی بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا، جبکہ میجر عزیز بھٹی شہید اور ایم ایم عالم جیسے سپوتوں کے کارنامے آج بھی قوم کیلئے باعث فخر ہیں۔ ملک احمد خاں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف بھی ایک طویل اور مشکل جنگ لڑی ہے۔ اس جنگ میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد پاکستانی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔ طلبہ، معصوم بچوں، نمازیوں، زائرین اور معاشرے کے مختلف طبقات نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابلِ فراموش قربانیاں پیش کیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں قومی فخر ہیں اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ ضروری ہے۔ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر ضرورت کے وقت فوج کو اچھا اور اختلاف کی صورت میں برا قرار دینا درست رویہ نہیں۔ سیاسی جماعتوں کو فوج کے سیاسی کردار کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے، جبکہ خطے کی جغرافیائی سیاست اور فوج کے جیوپولیٹیکل کردار کو بھی وسیع تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ملک احمد خاں نے کہا کہ قیام پاکستان اور تقسیم ہند کے واقعات ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔ تقسیم کے دوران بڑے پیمانے پر انسانی المیہ اور آبادی کا تبادلہ ہوا، جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جاتے ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک کے آئینی نظام اور ریاستی کردار کا مطالعہ بھی ضروری ہے، کیونکہ ریاستوں کی مضبوطی آئینی اصولوں، قانون کی حکمرانی اور شہری آزادیوں سے وابستہ ہوتی ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ دفاعِ وطن صرف سرحدوں کی حفاظت کا نام نہیں بلکہ قومی اتحاد، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، ذمہ دار سیاسی طرزِ عمل اور ریاستی اداروں کے احترام سے بھی وابستہ ہے۔ یومِ دفاع ہمیں شہداءاور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور ترقی کیلئے قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کا عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔