اسلام آباد (بیورو رپورٹ)حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے مسلم اُمہ متحد ہو جائے ، ان خیالات کا اظہار چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب نعیمی نے کونسل کے زیراہتمام منعقدہ سیرت النبی سیمینار سے کرتے ہوئے کیا۔ آپ نے کہا کہ عالم مغرب اور امریکہ مسلمانوں کے ساتھ دوہری تہری چال چلتے ہیں۔ عرصہ دراز سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک سے حفاظت کے نام پر مال اینٹھتے رہے اب جبکہ حقیقتاً سعودی عرب کی حفاظت کا موقع آیا ہے تو حوثیوں کے ساتھ پس پردہ مذاکرات اور ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ خلیجی ممالک کو بھی سوچنا چاہیے کہ مسلم ممالک کا دفاعی اتحاد بنایا جائے جو ایک دوسرے کے کام آئے۔ ایران کو بھی علاقے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنی پراکسیز کو روکنا ہوگا۔ آپ نے سیرت النبی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم کی سیرت سے جنگی معاملات پر سیرحاصل ہدایات میسر ہیں۔ مسلمان ممالک کو انہیں سامنے رکھنا چاہیے، حضور اکرم نے عرب کے بدو معاشرے کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں معاشرتی و معاشی ترقی کے راستہ پر گامزن کیا۔ ڈاکٹر حافظ سجاد نے اپنی کلیدی گفتگو میں کہا کہ زندگی کے ہر معاملات میں سیرت طیبہ کی پیروی لازمی ہے۔ ہماری آبادی کا کثیر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کے اخلاق کی تعمیر اور کردار کی نظافت سیرت النبی کی روشنی میں ہی ممکن ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی (مصنوعی ذہانت) نے ان میں فکری انتشار پیدا کر دیا ہے۔ عقائد، عبادات، معاشرت اور معیشت کی ہدایات سیرت النبی سے ہی حاصل ہو سکیں گی۔ سیمینار میں علامہ ڈاکٹر رفاقت جلالی، پروفیسر ڈاکٹر حمید چشتی، سیکرٹری کونسل ڈاکٹر غلام دستگیر شاہین، چیف ریسرچ آفیسر ڈاکٹر غلام ماجد و دیگر سکالرز اور علماءنے شرکت کی۔
حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے مسلم اُمہ متحد ہو جائے:راغب نعیمی

















