اسلام آباد،مظفر آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے گیس لوڈ مینجمنٹ پر جامع لائحہ عمل ترتیب دینے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے بھرپور عوامی آگہی مہم چلائی جائے ،موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دریں اثناآزاد جموں و کشمیر کونسل کے نئے اراکین سے حلف لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاآزاد کشمیر اسمبلی وجود میں آچکی، مسائل باہمی تعاون ،مشاورت سے حل کیے جائیں گے،امید ہے نومنتخب اراکین آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں گے،کونسل آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے ،بطور چیئرمین پل کو مزید مضبوط بنانے کےلئے پرعزم ہیں۔
شہبازشریف نے کہاصدر ،وزیراعظم آزاد کشمیرعوام کی خوشحالی کےلئے بھرپور کردار ادا کریں، وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا،معرکہ حق میں دشمن کو تاریخی سبق سکھایا، عوام کی دہلیز پر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے، بدقسمتی سے حالیہ مہینوں آزاد کشمیر میں افسوسناک واقعات رونما ہوئے، احتجاجی عناصر کو سنجیدگی کے ساتھ سمجھانے کی کوشش کی گئی۔
وزیراعظم نے کہاآزاد کشمیر اسمبلی قانون سازی کرے گی تو سب احترام کریں گے، عوامی مسائل کو باہمی تعاون ،مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا،خارجی اشاروں پر پاکستان ،آزاد کشمیر کاز کےخلاف متحرک عناصر کے خلاف کارروائی کرنا فرض تھا، موجودہ صورتحال کے پیش نظر قانون نے اپنا راستہ اختیار کیا، ریاستی معاملات میں قانون و آئینی عمل کی پاسداری ضروری ہے۔
آزاد کشمیر میں مسائل باہمی تعاون سے حل کیے جائینگے، شہبازشریف



















