مریم نوازنے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کرنے کی منظوری دیدی

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کرنے کی منظوری دیدی،مریم نواز کی زیر صدارت پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی پرہونےوالے اہم اجلاس میں تفصیلی بریفنگ اور اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے ہر ڈسٹرکٹ میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کا ریسورس پلان طلب کر لیا،مزید 20اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کیلئے جنوری 2027کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی،اجلاس میں بتایا گیا دوسرے فیز میں پنجاب کی ہر تحصیل میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کی جائیں گی،پی ایچ ایز کیلئے 2820ٹیکنیکل آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری بھی دےدی گئی، ہر ضلع میں ایم ڈی، ڈائریکٹر اور ٹیکنیکل سٹاف بھرتی کیا جائے گا، پی ایچ اے کے زیرا نتظام ہر ضلع میں سستے پودے فراہم کرنے کے لئے”ان ہاوس نرسری“ بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہر ضلع میں قائم ان ہاوس نرسری سے شجرکاری ،موسمی پھولوں کیلئے پودے اگائے جائیں گے۔

مریم نواز نے موسم کے مطابق پھولدار پودے اگانے کیلئے ماہانہ پلان مرتب کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہر شہر، ہر قصبے اور ہر گاوں کودرختوں پودوں سے سجا اور پھولوں سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہوں، شجرکاری نہ صرف ماحول انسانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ،درخت لگانا کار ثواب ،موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاو کا ذریعہ بھی ہے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہادہشتگردی کے خاتمے کاعزم غیر متزلزل ، قوم پاک فوج کےساتھ ہے۔