لاہور (اپنے رپورٹر سے) حکومت پنجاب نے صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کے تحت جنوری 2026 سے اب تک ساڑھے 14 ارب روپے کی خطیر رقم باعزت و آسان طریقے سے فراہم کی۔76000 سے زائد مساجد کی رجسٹریشن کامیابی سے مکمل جبکہ مساجد کی جیو ٹیگنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔امام مسجد صاحبان کا منبر و محراب کے ذریعے معاشرے میں قیام امن کیلئے اہم کردارہے۔محکمہ داخلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کی سٹیئرنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس منعقدہوا جس میںاہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان بارے بریفنگ دی۔سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، سی ای او سنٹر برائے انسدادِ دہشت گردی غلام صغیر شاہد، ڈی جی پی آئی ٹی بی سید قاسم افضل، ہیڈ ٹرانزیکشن بینک آف پنجاب شرجیل رضا خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر چیریٹیز کمیشن کرنل شہزاد امیر، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انشیئٹو نشا اشتیاق، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سپیشل برانچ صاحبزادہ عمر بلال، ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کامران افضل، ڈپٹی سیکرٹری فنانس و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کا مختلف پہلووں سے جائزہ لیا گیا۔ بینک آف پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو آن لائن اپلیکیشن سے متعلق معاملات کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کی مد میں ہر سال 20 ارب روپے سے زائد اعزازیہ فراہم کر رہی ہے۔اس پروگرام کے مثبت اثرات ہماری نسلوں تک حاصل ہوں گے۔اس پورے عمل کو مکمل کرنے والے تمام متعلقہ محکمہ جات و افسران شاباش کے مستحق ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر کی مساجد کی رجسٹریشن ایک بڑا چیلنج تھا جسے محکمہ داخلہ نے بہت احسن طریقے سے مکمل کیا۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کی مکمل نگرانی یقینی بنا رہا ہے۔اعزازیہ کی فراہمی کے پورے نظام کو انتہائی شفاف اور آسان بنایا گیا ہے۔آن لائن پورٹل پر اس حوالے سے مختلف شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ محکمہ داخلہ امام مسجد صاحبان کے سوالات کے بروقت جوابات کیلئے چیٹ بوٹ متعارف کروا رہا ہے۔
پنجاب ، امام مسجد اعزازیہ پروگرام کے تحت ساڑھے 14ارب روپے تقسیم



















