مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر ز کو ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتری کیلئے3دن کی مہلت دےدی

لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ معاون خصوصی شعیب مرزا نے ہر ضلع سے متعلق کے پی آئی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری،گوجرانوالہ، اٹک، بہاولپور، چکوال، جہلم، لیہ اورساہیوال کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔

مریم نواز نے بعض اضلاع میں بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل اور معیار میں تساہل برتنے پربرہمی کا اظہار کیا۔ انہوںنے فصلوں کی باقیات جلانے پر 100 فیصد کنٹرول کا حکم دیا۔اوکاڑہ اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات پر کنٹرول نہ کرنے پر وارننگ دی گئی۔ انہوںنے بیوٹیفکیشن سکیموں میں پائیداری اور معیار پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا اور ہر بیوٹیفکیشن سکیم میں فواروں سمیت دیگر واٹر فیچرز شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں گورننس اور روڈ مینٹی ننس کے لئے خصوصی سکواڈ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی اوربتایا گیا کہ سکواڈ 12گھنٹے کے اندر اندر انسپکشن اور مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے سٹریٹ لائٹس 100 فیصد فنکنشل اور مین ہول 100 فیصدکور کرنے کی ہدایت کی اور زبیرا کراسنگ اور سکول سیفٹی کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔ انہوںنے اسسٹنٹ کمشنرز کو واٹر فلٹریشن پلانٹ ٹھیک کروانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور جنرل بس ٹرمینلز اورگرین بس شیڈز کی تعمیر ومرمت اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتری کیلئے تین دن کی مہلت دی اورڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ ہسپتالوں کے دوروں کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اوپن پلاٹ پر کوڑا کرکٹ ڈالنے پر مالکان کوپہلے وارننگ، دوسری بار بھاری جرمانہ اور تیسرے مرحلے میں ایف آئی آر کا اندارج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کو انکروچمنٹ فری بنانے کا حکم دیا اور تجاوزات کیلئے مشترکہ آپریشن،وال چاکنگ، کٹے پھٹے بینر اور چھوٹے چھوٹے اشتہارات بھی دیواروں سے اتارنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں کی ڈیپ کلینگ اور روڈ واشنگ روزانہ کرانے کا حکم دیا اور صوبہ بھر میں آوارہ کتوں پر قابو پانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لین مارکنگ،عمارتوں پر پینٹ اور صاف ستھری سڑک دیکھ کر اچھے شہر کا تاثر ابھرتا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ کی لاپرواہی سے میری ساکھ پر حرف آتا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز یونیورسٹی اور کالجز میں جاکر طلبہ کو ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سکیموں کے بارے میں بتائیں۔ہر ڈی سی اپنے ضلع کی معاشی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ اکنامک پلان تیار کرے۔