اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم نے عوام کو سبسڈی نہ دینے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔
شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام پرمنعقدہ جائزہ اجلاس میں سکیم پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے کہا رجسٹریشن ،سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے رجسٹریشن میں اضافہ ہوا اور زیادہ مستحق شہری سہولت سے مستفید ہورہے ہیں،مستحق شہریوں کےلئے ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف سبسڈی سکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کےلئے گیم چینجر ثابت ہوگی،مانیٹرنگ ،کارگر ڈیش بورڈ ترتیب دینے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ضرار حاشم خان ،ٹیم کی کارکردگی کو سراہتاہوں۔
دریں اثنا ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پولیو سے پاک پاکستان کا حصول بڑا چیلنج ،عزم ،حوصلہ چیلنج سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، صوبوں ،تمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ قریبی مشاورت ،مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مرض کامکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
شہبازشریف نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے عزم، محنت ،خدمات کو سراہتے ہوئے کہاانسداد پولیو مہمات کے دوران فرنٹ لائن ورکرز کی مسلسل رسائی ،سکیورٹی یقینی بناناترجیح ہے، ملک بھر میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات (روٹین امیونائزیشن) کی کوریج کو مزید بہتر ،تشویش کے حامل علاقوں میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بڑھائی جائے،پولیو کےخلاف پہلے سے زیادہ بہتر حکمت عملی ،بھرپور جدوجہد سے آگے بڑھنا ہو گا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر، وزیر مملکت ، سیکرٹری قومی صحت اور انسداد پولیو ٹیم کے اراکین کو فوری طور پر چاروں صوبوں کا فوری دورہ کر کے وزرائے اعلیٰ ،چیف سیکرٹریز سے ملاقاتوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہاایک ہفتے کے اندر چاروں صوبوں سے مشاورت کے بعد انسداد پولیو کا مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاپاکستان سوڈان کےساتھ دیرینہ ،برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتاہے، چاہتے ہیں سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر پرامن، مستحکم ،خوشحال ملک کے طور پر ابھرے،پاکستان سوڈان کےساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت ،سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، زراعت، دفاع، تعلیم و دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی، جی 77 و دیگر کثیرالجہتی فورمز پر سوڈان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال ، میزبانی پر وزیراعظم ، حکومت کا شکریہ ادا،مشکل صورتحال میں پاکستانی حکومت ،عوام کی جانب سے انسانی ،طبی امداد پر اظہار تشکر کیا،سوڈانی وزیر داخلہ نے سوڈان میں امن و امان کی کوششوں کیلئے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کو سراہا ،خطے میں امن و ثالثی کےلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی۔
عوام کو سبسڈی نہ دینے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں،وزیراعظم
















