پاکستان ،سوڈان میں سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان ،سوڈان میں سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا،معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری،سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کےلئے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی ،سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفی علی نے دستخط کیے، دونوں وزرائے داخلہ نے پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دےدیا، محسن نقوی نے کہا معاہدہ پاکستان ،سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ویزا فری سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط ، وفود کے تبادلے مزید آسان ،سرکاری سطح پر رابطوں ،باہمی تعاون کے فروغ کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے،دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان ،سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم ،مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں پاکستان ،سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق کیا ، سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کی خاطر جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔