لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرِ صدارت پولیس خدمت مراکز کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی آئی جی آئی ٹی ڈاکٹر شہزاد آصف نے پولیس خدمت مراکز کی کارکردگی، ڈیجیٹل سہولیات اور جاری اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس کے 256 خدمت مراکز صوبہ بھر میں شہریوں کو 16 مختلف ڈیجیٹل سہولیات و خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ پولیس خدمت مراکز گلوبل کے ذریعے 42 ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے توسط سے اوورسیز پاکستانیوں کو پولیس خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ اب تک ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانی ان سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ، نیشنل سٹیٹس ویری فکیشن سمیت متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ پنجاب پولیس پبلک ایپ کے ذریعے بھی شہری گھر بیٹھے پولیس خدمت مراکز کی تمام سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ پولیس خدمت مراکز کے نظام میں ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور نادرا ویری فکیشن سروسز سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو تیز رفتار، شفاف اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ پولیس خدمت مراکز کی جدید سہولیات کا دائرہ کار مزید وسیع اور خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، ڈی آئی جی آئی ٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
پولیس خدمت مراکز کی جدید سہولیات کا دائرہ کار مزید وسیع بنایا جائے :آئی جی پنجاب
















