ضمنی انتخابات میں تشدد ،دہشتگردی کا بیانیہ شکست کھا گیا،عظمیٰ بخاری


لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ن لیگ عوام کی پہلی ترجیح،ضمنی انتخابات میں تشدد ،دہشتگردی کا بیانیہ شکست کھا گیا۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے راشد بشیر ورک ،اسد حنیف جٹ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہامریم نواز کی عوامی خدمت کے باعث ن لیگ ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ،دونوں امیدواروں نے بڑے مارجن سے کامیابی سمیٹی ،پارٹی کا مقابلہ متعدد مخالف جماعتوں سے تھا،پی ٹی آئی نے کالعدم جماعتوں کےساتھ ملکر الیکشن لڑا،کالعدم جماعتوں کانام تبدیل کرکے کھلے عام سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنا ریاست کےلئے بڑا امتحان ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکالعدم قرار دی گئی جماعتوں کی سیاسی سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے، سوال ہے دہشتگردی کے حامی عناصر سے وابستہ جماعتیں کھلے عام سیاسی سرگرمیاں کیسے کرسکتی ہیں؟ضمنی انتخابات کے دوران کالعدم جماعت کے کارکن الیکشن کمیشن عملے کے سامنے مبینہ طور پر جعلی ووٹ ڈالتے رہے، ویڈیوز بھی شیئر کی گئی پھر بھی عوام نے مسترد کردیا،ضمنی انتخابات میں تشدد ،دہشتگردی کا بیانیہ شکست کھا گیا، گوجرانوالہ ،چیچہ وطنی میں خدمت اور کارکردگی کا بیانیہ جیتا۔