کوئٹہ:(بیورورپورٹ) سعودی عرب نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اظہار کردیا۔
سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی،10رکنی سعودی کاروباری وفد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، دستیاب وسائل ،تیار منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان کے تیار سرمایہ کاری منصوبوں میں عملی طور پر حصہ لینے اور مختلف منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سعودی کاروباری وفد کی بلوچستان آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کےساتھ تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں گے،سعودی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ،معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول ،سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
سعودی عرب بلوچستان کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار
















