رائیونڈ (نامہ نگار) رائیونڈ میں تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کے دوسرے مرحلے کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد بٹلہ اور مولانا احمد لاٹ آف انڈیا نے شرکاءاجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعوت و تبلیغ کی وجہ سے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں آرہی ہیں،اپنے چھ فٹ کے قد پر اسلام نافذ کرو،اپنے گھروں اپنے اہل وعیا ل پر اسلام نافذ کرو،گھروں میں اسلامی ماحول فراہم کرو،اپنے کردار،گفتار اور معاملات میں اسلامی نکھا ر پیدا کرو،اسلام ایل مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی تمام کامیابیاں سمیٹی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی نے ہر حال میں گزر ہی جانا ہے اپنے ماحول کو اسلامی بنا لو، اسلام اجتماعیت کا دین ہے جو جوڑ کا حکم دیتا ہے اور توڑ سے بچنے کی تلقین کرتا ہے ،اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں اللہ سے دوستی کرلو، ساری مشکلات سے نجات مل جائے گی،اپنی زبان کو قابو میں رکھو مغفرت کے لئے سب سے بڑا عمل اپنی زبان سے کسی کو نقصان نہ پہنچا۔خود کو اور اپنی نسلوں کو غیبت سے بچاﺅ ، معاشرہ سلجھ جائے گا، معاشرے میں امن قائم ہو جائیگا ۔ مقررین نے کہا کہ اپنے دلوں کو کدرتوں اور بغض سے پاک رکھو اللہ کی رحمت نازل ہوگی ،سارا اسلام،سارا دین اور ساری تبلیغ صرف دو عمل پر مشتمل ہے ،زبان کی حفاظت اور دل کا صاف ہونا۔زندگی کا جتنا وقت حضور اکرم کی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا وہی نفع کا سبب بنے گا ،دنیا کی محبت سے نجات حاصل کرلو،زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں اپنے کپڑوں کو پاک رکھنے کیساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف رکھو جس سے تمہارا تن اور من صاف ہو جائے گا، آج دنیا کی محبت میں دین کو فراموش کردیا گیا ہے مصائب اور آلام کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں جسکی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں کے دلوں کا نفرتوں سے بھرا ہونا ہے جب تک دلوں میں اسلام نہیں آتا ہماری عملی زندگی بیکار ہے،اخلاق اسلامی بنیادی اکائی ہے اگر اس کو ہی چھوڑ دیا تو پھر باقی معاملات کیسے پایہ تکمیل تک پہنچیں گے ۔عبادات کیساتھ ساتھ معاملات کی حفاظت کرنا ضروری ہے ،دنیا میں اگر کوئی نقل کرتا پکڑا جائے تو اسکو کمرہ امتحان سے نکال دیا جاتا ہے لیکن اگر کوئی آقائے کائنات کی نقل کرے تو اسکے لئے کامیابی،کامرانی کی گارنٹی ہے ،نبی اکرم کی سنتوں اور حرمت کے محافظ بن جا دنیا بھی سنور جائیگی اور آخرت بھی۔ختم نبوت کے عقیدے کے بغیر سارے اعمال فارغ ہیں اپنے عقیدوں کو درست کرلو۔نبی اکرم کے طریقے اور سنت کے بغیر کیا جانے والا عمل غارت ہے۔ نبی کریم کے ادب کے بغیر کوئی کامیابی نہیں مل سکتی ۔عقیدہ ختم نبوت کو عام کرو ،گھروں میں بازاروں میں دوستوں میں محافل میں عام کرو اسی میں کامیابی ہے ،اللہ تک پہنچنے کا واحد ذریعہ آقائے کائنات ہیں ،صورت محمد اور سیرت محمد کو اپنا لو۔کسی کی عزت نفس مجروح نہ کرو، انسانیت کی عزت کرو اللہ سے دوستی کرو وہ سخی ہے اور وہ کسی سے دوستی توڑتا نہیں کسی کو مایوس نہیں کرتا اور نہ ہی اللہ کسی بخیل سے دوستی کرتا ہے ،لوگوں کے کام آ یہی انسانیت کا فلسفہ ہے ،کوئی ضرورت مند آئے تو اسکی تذلیل نہ کرو اسکا ادب کرو اسکی ،داد رسی کرو اسکی معاونت کرو کیونکہ اللہ نے تمہیں اس قابل بنایا ہے تو اسکو تیر ے پاس بھیجا ہے۔
اپنی زندگی اور گھروں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں: علماءکرام
















