ویپنگ خطرناک دائمی بیماری کا خطرہ بڑھا سکتی ہے: جدید تحقیق

لندن (مشرق نیوز) ایک نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ طویل عرصے تک الیکٹرانک سگریٹ (ویپنگ) کا استعمال پھیپھڑوں کو کمزور کرنے کے ساتھ ایک خطرناک دائمی بیماری کا خطرہ بھی بڑھا سکتا ہے۔ برطانوی ادارہ برائے قومی شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 50 لاکھ سے زائد افراد ای سگریٹ استعمال کرتے ہیں جبکہ نوعمروں اور نوجوانوں میں بھی اس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

برطانوی محکمہ صحت کے مطابق نکوٹین والی ویپنگ صحت کیلئے مکمل طور پر محفوظ نہیں لیکن روایتی سگریٹ نوشی کے مقابلے میں اسے کم نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔ فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی کے محققین کی تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ ویپنگ پھیپھڑوں کی آکسیجن جذب کرنے اور اسے موثر طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔

سائنس دانوں نے خبردار کیا کہ ای سگریٹ کا طویل استعمال کرونک اوبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز (سی او پی ڈی) کے خطرے میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ یہ پھیپھڑوں کی ایک دائمی بیماری ہے جس میں پھیپھڑوں کی خون میں آکسیجن منتقل کرنے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے کی صلاحیت متاثر ہو جاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں مریض کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تحقیق کے مصنف ڈاکٹر وسیم مزیاق نے طبی جریدے ٹوبیکو کنٹرول میں لکھا کہ ای سگریٹ کے استعمال کا رجحان کئی سالوں سے جاری ہے اس لیے اب اس کے طویل مدتی صحت پر اثرات کا جائزہ لینا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ویپنگ کو اگرچہ روایتی سگریٹ نوشی سے کم نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے لیکن اسے بے ضرر سمجھنا درست نہیں، خصوصاً طویل عرصے تک اس کے استعمال کے ممکنہ اثرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔