لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت مارچ 2026 سے اب تک امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی رقم مفت علاج معالجہ کیلئے فراہم کی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں وزیر اعلیٰ پنجاب خصوصی پروگرام برائے کارڈیک سرجری کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے اجلاس میں شرکت کی۔سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق و ڈائریکٹر منیب احمد ،سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ستائش نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور، پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی و دیگر بھی اجلاس میںشریک ہوئے۔اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب خصوصی پروگرام برائے کارڈیک سرجری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کارڈیک سرجری پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔صوبہ بھر میں اربوں روپوں کی خطیر رقم سے نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک انسٹی ٹیوٹس بھی بنائے جا رہے ہیں۔نئے کارڈیک ہسپتال بنانے کا مقصد عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر کارڈیک کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت مارچ 2026 سے اب تک ہزاروں کامیاب طبی پروسیجرز مکمل کئے جا چکے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت اب تک 44 ہسپتالوں کو پینل میں شامل کیا گیا۔اس پروگرام کے پینل میں 9 سرکاری جبکہ 35 نجی ہسپتال شامل ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کارڈیک سرجری پروگرام کے ذریعے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہاکہ منتخب شدہ ہسپتالوں میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔اس پروگرام کے تحت کارڈیک انسٹی ٹیوٹس کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔
پنجاب کارڈیک سرجری پروگرام، ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا مفت علاج فراہم
















