لاہور (میاں ساجد) صوبائی دارالحکومت میں فلو ویکسین کی قلت اور مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی طلب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ جعلی انفلوواک ویکسین کی فروخت کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ چیف ڈرگ کنٹرول اتھارٹی پنجاب ڈاکٹر فیصل محمود کی ہدایات پر ڈرگ انسپکٹرز کی خفیہ نگرانی اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں مبینہ غیر قانونی کاروبار کا سراغ لگا کر نامزد ملزم حافظ اویس لیاقت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ مشتبہ جعلی انفلوواک ویکسین کی بھاری مقدار بھی قبضے میں لے لی گئی۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم حافظ اویس لیاقت مبینہ طور پر شالیمار چوک لاہور میں ایک سال قبل بند ہونے والی MARS فارمیسی کے نام اور سابقہ کاروباری شناخت کو استعمال کرتے ہوئے مختلف میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی مالکان سے رابطے کر رہا تھا۔ ملزم کی جانب سے آن لائن پلیٹ فارمز، واٹس ایپ گروپس اور انسٹاگرام کے ذریعے انفلوواک فلو ویکسین کی وافر مقدار دستیاب ہونے کا تاثر دیا جا رہا تھا، حالانکہ مذکورہ فارمیسی گزشتہ ایک سال سے بند ہے۔ذرائع کے مطابق فلو ویکسین کی مارکیٹ میں قلت کے باعث شہریوں اور میڈیکل اسٹورز کی جانب سے ویکسین کے حصول کیلئے بڑھتی ہوئی کوششوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی کاروبار کیلئے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ ملزم سابقہ فارمیسی کے نام اور اپنے کاروباری روابط کو بنیاد بنا کر میڈیکل اسٹورز تک رسائی حاصل کرنے اور انہیں انفلوواک ویکسین کی فراہمی کی پیشکش کر رہا تھا۔ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کی خفیہ مانیٹرنگ کے دوران اس سرگرمی کی نشاندہی ہوئی تو فوری طور پر ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیم کو متحرک کیا گیا، جس نے معاملے کی چھان بین کرتے ہوئے ملزم اور مشتبہ ویکسین کے ذخیرے کا سراغ لگایا۔کارروائی کے دوران مشتبہ جعلی انفلوواک ویکسین کی بڑی مقدار تحویل میں لے کر ضبط کر لی گئی، جبکہ مزید قانونی اور تکنیکی جانچ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے اس امر کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ مذکورہ ویکسین کہاں سے حاصل کی گئی، اس کی مبینہ تیاری اور ترسیل میں کون سے عناصر ملوث ہیں اور آیا اس غیر قانونی سرگرمی کے روابط لاہور سے باہر دیگر شہروں اور میڈیکل اسٹورز تک بھی پھیلے ہوئے ہیں۔چیف ڈرگ کنٹرول اتھارٹی پنجاب ڈاکٹر فیصل محمود نے روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انفلوواک فلو ویکسین کی مارکیٹ میں قلت کے دوران بعض عناصر کی جانب سے مبینہ جعلی ویکسین آن لائن فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اس مقصد کیلئے ایک سال سے بند MARS فارمیسی شالیمار چوک لاہور کا نام استعمال کرتے ہوئے مختلف میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی مالکان سے رابطے کیے جا رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیم کو فوری طور پر متحرک کیا اور خفیہ نگرانی کے ذریعے اس سرگرمی کی مکمل چھان بین کی گئی۔ تحقیقات کے دوران حافظ اویس لیاقت کا نام سامنے آیا، جو مبینہ طور پر بند فارمیسی کی سابقہ شناخت استعمال کرکے انفلوواک ویکسین کی فروخت کیلئے میڈیکل اسٹورز سے رابطوں میں مصروف تھا۔ڈاکٹر فیصل محمود کے مطابق ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کی بروقت کارروائی سے مبینہ غیر قانونی کاروبار کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور مشتبہ جعلی انفلوواک ویکسین کی بھاری مقدار قبضے میں لے لی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ مقدمے کے اندراج کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔ تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ممکنہ سپلائی ذرائع، رابطوں اور اس سرگرمی میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔چیف ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر فیصل محمود نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فلو ویکسین سمیت کسی بھی قسم کی ویکسین صرف مستند اور لائسنس یافتہ فارمیسیوں سے خریدی جائے۔ سوشل میڈیا، واٹس ایپ گروپس، انسٹاگرام اور غیر معروف آن لائن ذرائع سے ویکسین کی خریداری سے مکمل اجتناب کیا جائے، کیونکہ غیر مصدقہ ذرائع سے حاصل ہونے والی ویکسین انسانی صحت کیلئے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین خریدتے وقت اس کے بیچ نمبر، کمپنی کی مہر، پیکنگ، میعادِ استعمال اور مستند ہونے کی تصدیق ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کولڈ چین یعنی ویکسین کو مقررہ درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے اور ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لینا بھی انتہائی اہم ہے، کیونکہ مناسب درجہ حرارت برقرار نہ رہنے کی صورت میں ویکسین کی افادیت متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی جعلی، غیر معیاری اور غیر قانونی ادویات و ویکسین کی فروخت کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر رہی ہے۔ عوام کو بھی چاہیے کہ اگر انہیں سوشل میڈیا یا کسی دوسرے غیر مصدقہ ذریعے سے غیر معمولی قیمت یا بڑی مقدار میں فلو ویکسین فروخت کرنے کی پیشکش کی جائے تو فوری طور پر متعلقہ ڈرگ کنٹرول حکام کو اطلاع دیں تاکہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بروقت اور مو¿ثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
بڑا کریک ڈاون، شہر میں جعلی انفلوواک فلو ویکسین کی فروخت کی کوشش ناکام
















