کے پی ، بلوچستان میں آپریشنز،بھارتی حمایت یافتہ 74خوارج جہنم واصل

راولپنڈی ،پشاور،کوئٹہ ،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کے پی ، بلوچستان میں آپریشنز،سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 74خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق کوئٹہ کے علاقے کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مختلف جھڑپوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31خوارج انجام کو پہنچے،سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،علاوہ ازیں شدید فائرنگ کے تبادلے میں میر علی 35،اورکزئی میں مزید 8خوارج کو ہلاک کیاگیا،48گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج نے کہاکارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچایا گیا، علاقوں کی کلیئرنس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود ،دھماکہ خیز مواد برآمدکرلیا۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ ودیگر نے سکیورٹی فورسز کو خرا ج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں قومی عزم ،پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں،ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کےلئے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کےخلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں،دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود ،دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کا ثبوت ہے،نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونےوالی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔