لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ترجیحات میں شامل ، سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام اسی ویژن کا عملی ثبوت ہے، ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے میں تربیت اور عملی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے ۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا حکومت پنجاب کی جانب سے 4ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کے دوران ہر انٹرن کو ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ بھی فراہم کیا گیا ،اقدام کا مقصد نوجوان گریجویٹس کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن جاری ہے، جس کے ذریعے مزید گریجویٹس کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت حاصل کرنے اور روزگار کمانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے حکومت پنجاب صرف لفظی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو ہنر، تربیت اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کے ترقی کرتے پنجاب کا عملی اظہار ہے۔
نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا وزیراعلیٰ کی ترجیحات میں شامل ہے،عظمیٰ بخاری
















