لاہور (مرزا ندیم بیگ) صوبائی دارالحکومت میں خودکشی کے واقعات میں کمی نہ آ سکی، رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران شہر میں 112 افراد نے مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر لیا، جاں بحق ہونے والوں میں 87 مرد اور 25 خواتین شامل ہیں۔ ایدھی فاونڈیشن کے اعدادوشمار کے مطابق خودکشی کے واقعات میں گھریلو ناچاقی، معاشی مشکلات، غربت، محبت میں ناکامی اور دیگر سماجی مسائل اہم محرکات کے طور پر سامنے آئے ہیں،ایدھی فاونڈیشن کے ترجمان کے مطابق یکم جنوری سے 31 اکتوبر 2026ئ تک لاہور میں خودکشی کے مجموعی طور پر 112 واقعات رپورٹ ہوئے۔ جنوری میں 14 افراد نے خودکشی کی جن میں 11 مرد اور تین خواتین شامل تھیں، فروری میں 12 افراد نے زندگی کا خاتمہ کیا جن میں 11 مرد اور ایک خاتون شامل تھی، مارچ میں چھ افراد، جن میں پانچ مرد اور ایک خاتون شامل تھے، اپریل میں دس افراد، جن میں نو مرد اور ایک خاتون، مئی میں 13 افراد، جن میں 11 مرد اور دو خواتین جبکہ جون میں پانچ افراد نے خودکشی کی جن میں چار مرد اور ایک خاتون شامل تھی،اسی طرح جولائی میں 14 افراد نے خودکشی کی جن میں آٹھ مرد اور چھ خواتین شامل تھیں، اگست میں 13 افراد، جن میں نو مرد اور چار خواتین، ستمبر میں 12 افراد، جن میں نو مرد اور تین خواتین جبکہ اکتوبر میں 13 افراد نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا، ان میں دس مرد اور تین خواتین شامل تھیں،اعدادوشمار کے مطابق رواں سال جنوری اور جولائی میں خودکشی کے سب سے زیادہ 14،14 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ جون میں سب سے کم پانچ واقعات سامنے آئے۔ دس ماہ کے دوران خودکشی کرنے والوں میں مردوں کی تعداد خواتین کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہی،دوسری جانب خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے ذریعے خصوصی نفسیاتی معاونت اور کونسلنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی ہے۔ اس سروس کے تحت ذہنی دباو، شدید پریشانی، مایوسی یا خودکشی کے خیالات کا شکار افراد ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے نمبر 7 دبانے کے بعد تربیت یافتہ عملے سے رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں سے انہیں مستند ماہرین نفسیات کے ساتھ کانفرنس کال کے ذریعے فوری رہنمائی فراہم کی جاتی ہے،سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اس سروس میں متاثرہ افراد کی شناخت اور ذاتی معلومات کو خفیہ رکھنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ذہنی دباو¿ کا شکار شہری بلاجھجک مدد حاصل کر سکیں۔ اتھارٹی کے مطابق 2025ئ کے دوران ہیلپ لائن پر خودکشی کے واقعات رونما ہونے کے بعد 764 کالز موصول ہوئیں جبکہ خودکشی کے خیالات یا شدید ذہنی دباو¿ کا شکار افراد کی جانب سے 2327 کالز کی گئیں۔ بروقت کونسلنگ، رہنمائی اور پولیس کی مداخلت کے ذریعے 2269 افراد کی جانیں بچانے میں مدد ملی،ماہرین نفسیات کے مطابق خودکشی کے رجحان کو محض پولیس یا انتظامی مسئلہ سمجھنے کے بجائے ایک سنجیدہ سماجی اور نفسیاتی مسئلے کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ذہنی دباو¿، ڈپریشن، خاندانی تنازعات اور معاشی پریشانیوں کا شکار افراد کو بروقت نفسیاتی علاج اور اہل خانہ کی معاونت فراہم نہ ہونے سے صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔ ماہرین نے ہیلپ لائن کے ذریعے ابتدائی مدد کے ساتھ متاثرہ افراد کی مسلسل کونسلنگ اور فالو اپ کا نظام بھی مو¿ثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے،شہر میں خودکشی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے ہر واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع سے شواہد اکٹھے کرنے، متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کرنے اور موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے قانونی و تفتیشی کارروائی بھی اہمیت رکھتی ہے۔ تاہم خودکشی کے واقعات کی روک تھام میں صرف واقعے کے بعد کی تفتیش کافی نہیں، بلکہ بروقت اطلاع، فوری رسپانس، نفسیاتی معاونت اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ بھی ضروری ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس، سیف سٹیز اتھارٹی، محکمہ صحت اور سماجی بہبود کے ادارے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں، تعلیمی اداروں اور حساس علاقوں میں کونسلنگ کی سہولت بڑھائی جائے اور خودکشی کی کوشش کے واقعات کی بھی الگ سے مکمل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے پہلے متاثرہ افراد کی مدد ممکن ہو سکے۔
صوبائی دارالحکومت میں خودکشی کے واقعات کم نہ ہوسکے
















