لاہور (میاں ذیشان) پنجاب میں کرپشن کیخلاف میگا آپریشن کے دوران محکمہ انسداد رشوت ستانی لاہور ریجن اے اور بی میں 97 افراد کی گرفتاریوں کے باوجود عملی احتساب کے نتائج سوالیہ نشان بن گئے۔ محکمہ مال، پولیس، ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، میٹروپولیٹن کارپوریشن، ہیلتھ، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر آفس سمیت متعدد سرکاری محکموں کے ملازمین کارروائیوں کی زد میں آئے۔گرفتار ہونے والے بیشتر سرکاری ملازمین مختلف تکنیکی بنیادوں پر ضمانتوں پر رہا، مقدمات کے چالان اور سزاﺅں کی شرح غیر واضح، اینٹی کرپشن ریجن اے اور بی کے افسران کی کارکردگی اور تفتیشی صلاحیت پر بھی سوالات اٹھنے لگے۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسداد رشوت ستانی پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ترجمان عبدالواحد سے خبر میں اٹھائے گئے سوالات پر موقف اور وضاحت کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا، پیغامات بھی ارسال کیے گئے اور بارہا کالز بھی کی گئیں تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے اگست 2026 سے شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران لاہور ریجن اے اور بی میں مجموعی طور پر 97 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے لاہور ریجن اے میں ٹریپ ریڈز کے دوران رشوت وصول کرتے ہوئے 28 سرکاری ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف شکایات کی تحقیقات اور انکوائریوں کے بعد مزید 15 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، اسی طرح لاہور ریجن بی میں ٹریپ ریڈز کے دوران 33 سرکاری ملازمین گرفتار ہوئے جبکہ انکوائریوں کے نتیجے میں مزید 21 ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں آئیں، اس طرح دونوں ریجنز میں 61 سرکاری ملازمین کو مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے موقع پر گرفتار کیا گیا جبکہ 36 افراد کو انکوائریوں کے بعد حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے سرکاری ملازمین کا تعلق محکمہ مال، پولیس، محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ، میٹروپولیٹن کارپوریشن، محکمہ صحت، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر آفس سمیت دیگر سرکاری محکموں سے بتایا جاتا ہے، جہاں شہریوں کے سرکاری امور کی انجام دہی، ریکارڈ کی درستگی، اراضی کے معاملات، انتظامی منظوریوں اور دیگر سرکاری خدمات کے عوض مبینہ رشوت طلب کرنے اور وصول کرنے کی شکایات پر کارروائیاں کی گئیں۔ تاہم ان گرفتاریوں کے بعد مقدمات کی پیروی اور قانونی کارروائیوں کی صورت حال نے اینٹی کرپشن کی مجموعی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے بیشتر سرکاری ملازمین مختلف تکنیکی بنیادوں پر عدالتوں سے ضمانتیں حاصل کرکے رہا ہو چکے ہیں، جس کے باعث یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ اگر ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا تو ان کے خلاف تفتیش اور قانونی کارروائی اس قدر مﺅثر کیوں ثابت نہ ہو سکی کہ مقدمات اپنے منطقی انجام تک پہنچتے۔ دوسری جانب اینٹی کرپشن ریجن اے اور بی کے تفتیشی افسران اور متعلقہ ذمہ داروں کے کردار پر بھی سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں کہ آیا گرفتاریوں کے بعد شواہد، دستاویزی ریکارڈ، گواہوں کے بیانات اور قانونی تقاضوں کو درست انداز میں مکمل کیا گیا یا نہیں۔ اینٹی کرپشن پنجاب کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے رواں سال درج ہونے والے 1127 مقدمات کے مقابلے میں صرف 11 مقدمات میں سزائیں ریکارڈ ہوئیں۔ اسی طرح موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں تقریباً 4100 مقدمات درج اور 3432 ملزمان گرفتار کیے جانے کے باوجود صرف 47 مقدمات میں سزائیں ہوئیں۔ یہ اعدادوشمار صوبائی سطح کی مجموعی صورت حال ظاہر کرتے ہیں، لاہور ریجن اے اور بی کے الگ نتائج نہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں ریجنز میں گرفتار ہونے والے 97 افراد میں سے بیشتر ملزمان ضمانتوں پر رہا ہو چکے ہیں، تاحال کسی سرکاری ملازمین باقاعدہ سزا نہیں دلوائی جا سکی، جبکہ بیشتر مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرپشن کے خلاف مہم کی کامیابی کا اندازہ محض گرفتاریوں سے نہیں بلکہ مﺅثر تفتیش، کامیاب عدالتی پیروی، سزاﺅں اور سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی وصولی سے لگایا جاتا ہے۔ محکمہ انسداد بدعنوانی کے اعلیٰ حکام کو بھی اس امر کا جائزہ لینا ہوگا کہ لاہور ریجن اے اور بی میں کارروائیوں کے باوجود بیشتر گرفتار ملازمین کی ضمانتوں پر رہائی کی وجوہات کیا ہیں اور اگر تفتیشی مراحل میں کوئی کوتاہی یا غفلت سامنے آتی ہے تو اس کے ذمہ دار افسران کے خلاف کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔پنجاب میں کرپشن کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران لاہور ریجن اے اور بی میں 97 افراد کی گرفتاریوں، گرفتار سرکاری ملازمین کی مبینہ طور پر مختلف تکنیکی بنیادوں پر ضمانتوں پر رہائی، مقدمات کی تفتیش، عدالتی پیروی اور سزاﺅں کی کم شرح سے متعلق اٹھنے والے سوالات پر محکمہ انسداد رشوت ستانی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ظفر چٹھہ اور ترجمان عبدالواحد سے ان کا موقف اور وضاحت حاصل کرنے کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں دونوں ذمہ داران کو پیغامات بھی ارسال کیے گئے اور بارہا ٹیلی فون کالز کے ذریعے بھی رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم خبر کی اشاعت تک ان کی جانب سے نہ تو کوئی جواب موصول ہوا اور نہ ہی کوئی باضابطہ موقف یا وضاحت سامنے آئی۔ روزنامہ مشرق اس امر کی وضاحت ضروری سمجھتا ہے کہ خبر میں اٹھائے گئے سوالات کا مقصد محکمہ انسداد رشوت ستانی کی کارروائیوں، تفتیشی نظام، مقدمات کی پیروی اور گرفتاریوں کے بعد قانونی نتائج سے متعلق عوامی مفاد کے معاملات کو اجاگر کرنا ہے۔ اگر ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسداد رشوت ستانی پنجاب سہیل ظفر چٹھہ، ترجمان عبدالواحد یا کوئی دیگر متعلقہ ذمہ دار افسر مذکورہ معاملات پر اپنا موقف، وضاحت یا موقف کے حق میں دستاویزی حقائق پیش کرنا چاہیں تو روزنامہ مشرق ان کا موقف من و عن شائع کرے گا تاکہ معاملے کے تمام پہلو قارئین کے سامنے آسکیں۔
97 افراد کی گرفتاریوں کے باوجود عملی احتساب کے نتائج پر سوالیہ نشان
















