پی ایچ اے کا شہر سرسبز کرنے کیلئے شجرکاری کا دعویٰ کاغذوں تک محدود

لاہور (اپنے نمائندے سے) ہارٹی کلچر ایجنسی لاہورشہر کو سرسبز کرنے کیلئے شجرکاری کا دعویٰ کاغذوں تک محدود، رواں سال کا سب سے واضح واقعہ چمڑہ منڈی سلطان پورہ میں پیش آیا۔ 9 نومبر 2026 کو ہارٹی کلچر ایجنسی نے 14 تناور درخت کاٹنے پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔پی ایچ اے لاہور کا شجر کاری مہم کے ساتھ ساتھ دوسری طرف منصوبہ بندی کے ساتھ درختوں کی کٹائی کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس پر پی ایچ اے انتظامیہ کا رروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اس حوالے سے عارضی کارروائی کرتے ہوئے اس میں مختلف مقامات پر مقدمات تک کارروائی کی جا رہی ہے اس میں مقدمہ مصری شاہ تھانے میں درج ہوا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ یہ عمل ہائیکورٹ کے احکامات اور پی ایچ اے ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ اس واقعہ کے بعد ایجنسی نے کاٹے گئے 14 درختوں کی جگہ 160 نئے درخت لگا دئیے۔ اس واقعہ میں ابھی تک گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔جنوری 2026 میں کینال روڈ پر شاخ تراشی کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس لیا تھا پی ایچ اے نے اس معاملے میں چار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی۔ اس کے بعد پی ایچ اے نے لاہور میں درختوں کی کٹائی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جنوری 2026 میں ہی لاہور ریلوے سٹیشن کے قریب 21 درخت کاٹنے کی اطلاع بھی سامنے آئی تھی، جس میں ذمہ داری واضح نہیں ہو سکی۔ پی ایچ اے نے رواں سال کاٹے گئے درختوں اور درج مقدمات کا کوئی ایک جامع اعداد و شمار جاری نہیں کیا ہے۔ اس لیے مجموعی تعداد کے بارے میں حتمی بات ممکن نہیں۔ ماضی کی شجرکاری کے حوالے سے بھی مکمل حساب نہیں ہے۔ پی ایچ اے نے لاکھوں پودے لگانے کا دعویٰ کیا ہے، لیکن ان میں سے کتنے تناور درخت بنے، اس کی کوئی آڈٹ رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے بھی درخت متاثر ہوئے رپورٹس کے مطابق تین بڑے منصوبوں کی وجہ سے 2 ہزار 100 سے زائد درخت متاثر ہوئے۔نئی شجرکاری کیلئے پی ایچ اے نے 6 نومبر 2026 کو شہر کے گرد 10 لاکھ پودے لگانے کے منصوبے کا اعلان کیا 15 نومبر 2026 کو بتایا گیا کہ لاہور میں موسم سرما کے سجاوٹی پھولوں کی 13 ہزار 853 کیاریاں تیار کی گئی ہی جو گزشتہ برس 9 ہزار 505 تھیں۔ پودوں کی حفاظت کیلئے اب ٹری آفیسرز تعینات کیے گئے ہیں، جو جی آئی ایس بنیاد پر درختوں کا ریکارڈ رکھیں گے اور تین سال تک نئے پودوں کی بقا کی نگرانی کریں گے۔ نئے ضوابط کے تحت اگر درخت کاٹنا ناگزیر ہو تو ہر درخت کے بدلے کم از کم 20 پودے لگانا ہوں گے۔ قانون کے مطابق خلاف ورزی پر ایک سال قید، 5 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ جب تک کٹنے والے درختوں کا حساب عوامی نہیں کیا جاتا، شہر کے گرین کور کا اصل نقشہ واضح نہیں ہو سکے گا۔