الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2مراحل میں کرانے کی منظوری دےدی


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2مراحل میں کرانے کی منظوری دےدی،ای سی پی نے چیف سیکرٹری پنجاب کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کردی۔

مراسلے کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور، قصور ، ننکانہ صاحب، پاکپتن، سیالکوٹ ،اوکاڑہ سمیت 18 ضلعی گروپوں میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے،چکوال و تلہ گنگ، راولپنڈی ،مری، ڈیرہ غازی خان و تونسہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، بہاولپور، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد اور بھکر بھی شامل ہیں۔

دوسرے مرحلے میں فیصل آباد ،ملتان سمیت مزید 18ضلعی گروپوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، ساہیوال، گوجرانوالہ و وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاﺅالدین، وہاڑی، جہلم اور شیخوپورہ شامل ہیں،مظفرگڑھ ،کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان میں بھی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔