اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان ،آسیان نے تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں آسیان کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاپاکستان ،آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی ،امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، پاکستان آسیان کے ساتھ شراکت داری آگے بڑھانے کےلئے پرعزم ہے،وفود کی سطح پر مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، سماجی ،ثقافتی ،تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی ،غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاو کم ہورن نے کہا پاکستان ،آسیان کے تعلقات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کا اہم موقع موجود ہے، دونوں کے درمیان اقتصادی تعاون ،عوامی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں،پاکستان ،آسیان کی مشترکہ منڈی میں تقریباً 95 کروڑ افراد شامل ، تجارت ،سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔
ڈاکٹر کاو کم ہورن نے کہا قابل تجدید توانائی، غذائی تحفظ ،پائیدار زراعت کے شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں، پاکستان آسیان ریجنل فورم میں فعال کردار ادا کر رہا ہے،آسیان کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے فروغ ،کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا عالمی قانون کی پاسداری علاقائی ،عالمی امن کےلئے ضروری ہے۔
پاکستان ،آسیان کا تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
















