وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 2026-27 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 2026-27 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ پر کل (یکم جولائی) سے باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شامل تمام ٹیکس اقدامات، ڈیوٹیز اور مالیاتی فیصلے یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گے۔

یکم جولائی 2026 سے پراپرٹی خریدنے اور فروخت کرنے والے پر ایڈوانس ٹیکس میں کمی کرکے نئی شرح نافذ کی جائیگی۔ جائیداد فروخت کرنے والے شخص سے مجموعی رقم کا 2.75 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائیگا جبکہ جائیداد خریدنے والے شخص پر بھی پراپرٹی کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا۔

کل سے بینکنگ کمپنیوں اور فرٹیلائزر سیکٹر کی 15 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا۔ تمام کارپوریٹ کمپنیوں کی 50 کروڑ روپے سے زائد آمدن پر 8 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ کل سے کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ کی بین الاقوامی ٹرانزیکشنز پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس 0.5 فیصد عائد ہوگا۔

اسی طرح، 850 سے 1800 سی سی گاڑیوں پر کسٹم ڈیوٹی 35 سے 50 فیصد کم کر دی گئی، اطلاق کل سے ہوگا۔ آٹو پالیسی کے تحت آٹو پارٹس پر کسٹم ڈیوٹی 10 اور بائیکس پر 20 فیصد کم کی گئی۔ آٹو سیکٹر، ویجی ٹیبل آئل، سونا چاندی اور موبائل پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی 2، 2 فیصد کم ہیں۔ ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم اور شرح کم کرنے سے ریونیو 47 ارب 6 کروڑ کم ہوگا جبکہ ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح کم کرنے سے بھی 65 ارب 57 کروڑ کا ریونیو کم ملے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی بجٹ 2026-27 پہلے قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا جس کے بعد صدرِ مملکت نے فنانس بل پر دستخط کئے۔ صدارتی منظوری کے بعد فنانس بل کو گزٹ نوٹیفکیشن کے اجراءکیلئے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان بھجوایا گیا تھا۔ گزٹ نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی فنانس ایکٹ 2026-27 قانونی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور نئے مالی سال کے بجٹ پر عملدرآمد کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔