اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے میجرعزیز بھٹی شہید کو 61 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ میجرعزیز بھٹی شہید نے تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کیلئے امر کر دیا، میجر عزیز بھٹی کی قربانی ملکی دفاع کیلئے غیرمتزلزل عزم کی مثال ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداءکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا، ہمارے شہداءآزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں، قوم شہداءکی قربانیوں کی قدر، جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتی رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 1965ءکی جنگ میں میجرعزیز بھٹی شہید کی قربانی روشن داستان ہے، میجرعزیز بھٹی شہید برکی سیکٹر میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، میجرعزیز بھٹی شہید نے 12 ستمبر 1965 کو جام شہادت نوش کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی شہید کی حب الوطنی اور جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے، میجرعزیز بھٹی شہید کی وطن کیلئے عظیم قربانی قومی اثاثہ ہے، شہداءکی قربانیاں وطن سے بے لوث محبت کا استعارہ ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قوم کے بہادر سپوت مادر وطن کے دفاع کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلتے ہیں، ملکی دفاع کا غیر متزلزل عزم ہماری رگوں میں شامل ہے، میجر عزیز بھٹی شہید کی شجاعت نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، اللہ تعالیٰ میجرعزیز بھٹی شہید کے درجات بلند فرمائے۔
پوری قوم میجرعزیز بھٹی شہید کی حب الوطنی کو سلام پیش کرتی ہے: صدر، وزیراعظم

















