لاہور :(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پختونوں کے اوپر مسلط ہونے والوں کو جو پختون کہتا ہے وہ دراصل پختونوں کو گالی دے رہا ہے۔ یہ گندے، گھٹیا جنگلی ہیں اور بدقسمتی سے پختونوں پہ مسلط ہیں یہ لوگ اور چند دوسرے لوگ جو اسی طرح کا گند بکتے ہیں جب انہوں نے لاہور میں آکر گٹر اگلا، تو میں نے کہا کہ یہ پختون نہیں ہوسکتے، اس طرح کی حرکتیں جنگلی کرتے ہیں۔ بار بار مجھے درست ثابت کرنے کا شکریہ۔ اپنے آپکو پختون کہہ کے پختونوں کو گالی مت دو۔
دریں اثناءوزیر اطلاعات کی زیر صدارت انفارمیشن اسٹیئرنگ،ریویو کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں نظرثانی شدہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں ہونے والی پیش رفت اور مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو محکمہ جاتی رابطہ کاری، ذمہ دارانہ معلومات کی فراہمی اور گمراہ کن بیانیوں کے بروقت تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ ڈس انفارمیشن، نفرت انگیز مواد، منفی پروپیگنڈے اور ریاست مخالف بیانیے کے تدارک کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ڈس انفارمیشن اور منفی بیانیوں کا مقابلہ محض ردعمل کی بنیاد پر نہیں کیا جاسکتا، اس کے لیے بروقت، حقائق پر مبنی، مربوط اور فعال حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے مقاصد کے حصول کے لیے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے موثر اور متحرک کردار ادا کیا ہے، جبکہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کی کامیابیوں اور قومی بیانیے کو بھی موثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور منفی مواد کے باعث نوجوان اور طلبہ خصوصی طور پر متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے ان میں میڈیا لٹریسی اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گھٹیا جنگلی بدقسمتی سے پختونوں پہ مسلط ، گند بکنے والوں کو پختون نہیں مانتی، عظمی بخاری

















